ابنا: ادھر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی میں 25 دسمبر کو عوام 30 اکتوبر سے بڑا انقلاب دیکھیں گے، تحریک انصاف کا مقصد سٹیٹس کو توڑنا ہے، سونامی جس طرح زور پکڑ رہی ہے اس کے بعد سٹیٹس کو کی حامی جماعتیں ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتیں، یہ انقلاب کی نشانی ہے کہ نوجوان نسل اپنے والدین کو تحریک انصاف میں شمولیت کا کہہ رہے ہیں۔
اگلے انتخابات میں تحریک انصاف نئے اور پرانے لوگوں کا مکسچر لائیگی اور جب اقتدار ہمیں ملیگا تو ملک میں تبدیلی لائینگے، نیٹو سپلائی بلاک کرنا کینسر کا علاج ڈسپرین سے کرنے کے مترادف ہے، اصل کینسر دہشت گردی کیخلاف جنگ ہے جس سے نکل آنا چاہئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر سابق نگراں وزیر اعلیٰ افضل حیات، سابق صوبائی وزرا اور ارکان اسمبلی حسین جہانیاں گردیزی، ملک عبدالقیوم، علی اشرف وڑائچ، اعجاز احمد سہول، فیصل عدنان، مہر محمد سلیم، سردار آصف ڈوگر، ارشد علی ساہی، رانا علی اسد، فتح شیر جوئیہ، احمد شیر جوئیہ، اجمل علی حامد، میاں محمد ریاض، رائے نعیم اللہ، میر افتخار لوند اور عبدالقادر ممدوٹ کی تحریک انصاف میں شمولیت اور گرین ٹاون میں اقلیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر محمود الرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد، حامد خان، احسن رشید اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات شفقت محمود، پی ایم فلیپ پروار، ناصر گیبرئیل پروار بھی موجود تھے۔ عمران خان نے کنونشن میں شرکت سے قبل تحریک انصاف کے پیکو روڈ دفتر کا دورہ کیا جہاں پی پی 153 کے صدر عبدالکریم کلواڑ نے انہیں جلسہ کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ عمران خان نے کہاکہ کراچی میں جلسہ کرنا ہمارا سیاسی حق ہے۔
25 دسمبر قائد اعظم کی سالگرہ کا دن ہے اگر اس روز جلسہ نہیں کرینگے تو مقصد ہی فوت ہو جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کے عوام نفرتیں بڑھانے، مال بنانے اور دہشت گرد گروپ بنانے والوں سے تنگ آچکے ہیں۔ علاوہ ازیں اقلیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف ملک میں خلافت کا نظام قائم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں ذوالفقار مرزا اور الطاف حسین کی لڑائی میں جان بوجھ کر نہیں پڑا۔ عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی وجہ سے کم از نوازشریف نے بھی کارکنوں کو اہمیت اور انہیں وقت دینا شروع کر دیا ہے۔ تحریک انصاف کی مجلس عاملہ کے رکن عدنان کیانی کی (ن) لیگ میں شمولیت کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے آج تک اس کا نام نہیں سنا۔
...........
/169