14 دسمبر 2011 - 20:30

کویت سٹی... خلیجی ریاست کویت کے سربراہ شیخ صباح الاحمد الصباح نے نئے نامزد وزیر اعظم شیخ جابر المبارک الصباح کی سربراہی میں نئی کابینہ سے حلف لے لیا ہے۔

ابنا: کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی "کونا" کے مطابق امیر شیخ صباح الاحمد الصباح نے دو ہفتے قبل مستعفی وزیر اعظم شیخ ناصر محمد الاحمد الصباح کی جگہ وزیر دفاع شیخ جابر مبارک الصباح کو ملک کا نیا وزیر اعظم نامزد کر کے انھیں کابینہ تشکیل دینے کی دعوت دی تھی۔

شیخ جابر کویت کے حکمراں خاندان کے ایک سنیئر رکن ہیں۔شیخ جابر کی قیادت میں نئی حکومت عبوری دور کے لیے ہو گی اور پارلیمان کی تحلیل کے بعد وہ ملک میں نئے پارلیمانی انتخابات منعقد کرائے گی۔

ان کے پیش رو شیخ ناصر کابینہ سمیت اپنے خلاف بدعنوانیوں کے الزامات پر حزب اختلاف کے حالیہ مظاہروں کے بعد مستعفی ہو گئے تھے اور امیر کویت شیخ صباح نے ان کا استعفیٰ منظور کر لیا تھا۔

فروری 2006ء کے بعد ان کی قیادت میں کویت کی آٹھویں کابینہ نے حلف اٹھایا ہے۔
.....
/169