ابنا: رامین مہمان پرست نے اسلامی جمہوریہ ایران کے چینل نمبر ایک سے گفتگو کے دوران دوسرے ملکوں میں ایرانی شہریوں کی گرفتاری اور ان پر الزامات لگانےکو ملت ایران پر دباؤ ڈالنے کا ایک حربہ قرار دیا۔
رامین مہمان پرست نے مزید کہا کہ بعض ممالک نے امریکہ کے دباؤ میں آ کر یا اس بہانے سے کہ ان کا امریکہ کے ساتھ مجرمین کی حوالگی کا معاہدہ ہے ایران کے چند بے گناہ شہریوں کو امریکہ کے حوالے کیا ہے۔مہمان پرست نے اس بات پر تاکید کرتے ہوۓ کہ اسلامی جمہوریہ ایران دنیا کے ہر گوشے میں موجود اپنے شہریوں کا قانونی اور سیاسی اعتبار سے دفاع کرے گا اور ضروری اقدامات انجام دے گا، کہا کہ ایران کی کوششوں سے ان تئیس میں سے دس افراد کو آزاد کرا لیا گيا ہے۔ رامین مہمان پرست نے ابوغریب اور گوانتا نامو بے جیلوں میں امریکیوں کے غیر انسانی رویۓ کی جانب اشارہ کرتے ہوۓ کہا کہ ان کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی عادت پڑ چکی ہے کیونکہ عالمی سطح پر ان کو اقدام سے روکنے کے لۓ مکمل وسائل نہیں ہیں۔دوسری جانب اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں ایرانی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ غیر ملکی سفر کے دوران یورپ کی خفیہ ایجنسیوں سے ہوشیار رہیں۔
وزارت خارجہ کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے دوسرے ممالک میں ایرانی شہریوں کے حقوق کے دفاع پر مبنی پالیسی کے تناظر اور حالیہ برسوں میں یورپ کی خفیہ ایجنسیوں کے ہاتھوں ایرانی شہریوں کے اغوا کی وارداتوں کے پیش نظر دوسرے ممالک کا سفر کرنے والے ایرانی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ غیر ملکی سفر کے دوران نامعلوم افراد اور گروہوں کی جانب سے دی جانے والی مختلف تجاویز کے سلسلے میں ہوشیار رہیں۔............ /169