4 دسمبر 2011 - 20:30

سید محمد اشرف زیدی کا کہنا تھا کہ برداران اہلسنت کے ساتھ ہم اپنے بزرگوں کی روایات نہ بھولیں، انہوں نے شہر میں رواداری اور باہمی اتفاق کا جو ماحول قائم کر رکھا تھا، اسکو ہم جاری رکھیں۔ انتظامیہ اور ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں سے بھرپور تعاون کیا جائے۔

ابنا: بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر الحاج سید محمد اشرف زیدی نے بیان میں کہا ہے کہ جلوس عاشورہ کے سلسلے میں ‌عوام سے اپیل ہے کہ جلوس عزاء کی حفاظت کیلئے حکومت اور انتظامیہ بہترین انتظامات کر رہی ہے۔

لہذا ہم سب کو چاہیئے کہ ہم ان سے بھرپور تعاون کریں اور ایسا کوئی قدم نہ اُٹھائیں، جس سے امن و امان کامسئلہ پیدا ہو۔برداران اہلسنت کے ساتھ ہم اپنے بزرگوں کی روایات نہ بھولیں، انہوں نے شہر میں رواداری اور باہمی اتفاق کا جو ماحول قائم کر رکھا تھا، اسکو ہم جاری رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے باسی ہمارے بھائی ہیں، ہمارا انکا جینے مرنے کا ساتھ ہے، اسلئے شائستگی کا تقاضہ ہے کہ بھائی چارے کی فضاء کو ہر صورت میں برقرار رکھیں،  ڈیوٹی پر جو سرکاری اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں، انکے ساتھ نہایت خندہ پیشانی سے پیش آئیں اور کسی کی دل آزاری نہ کریں۔ ہم امید رکھتے ہیں کہ وہ بھی ہمارے ساتھ اسی جذبہ کے ساتھ پیش آئیں گے۔

........

/169