15 نومبر 2011 - 20:30

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفتر نے واشنگٹن میں سعودی عرب کے سفیر کو قتل کرنے کی سازش کے الزام کی مذمت میں سعودی عرب اور امریکہ کی جانب سے پیش کی گئي قرارداد کے خطرناک نتائج کی جانب سے خبردار کیا ہے۔

ابنا: یاد رہے امریکہ اور سعودی عرب نے مشترکہ طور پر ایک قرارداد پیش کی ہے جس میں مطالبہ کیا گيا ہے کہ اقوام متحدہ بقول ان کے واشنگٹن میں سعودی عرب کے سفیر کو قتل کرانے کی ایران کی سازش کی مذمت کرے۔ امریکہ اور سعودی عرب کے اس مشترکہ اقدام کے بعد اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیرمحمد خزا‏‏عی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سربراہ اور اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون کے نام ایک خط لکھ کر امریکہ اور سعودی عرب کے اس اقدام کےنتائج کی بابت خبردار کیا ہے۔ محمد خزاعی نے اپنے خط میں امریکہ اور سعودی عرب کے اس اقدام کو خطرناک بدعت، ناقابل قبول اور اقوام متحدہ کے اعتبار کی توہین قرار دیا ہے۔محمد خزاعی نے کہا ہے کہ امریکہ نے ایران کے خلاف جو کہ اقوام متحدہ کا رکن ہے، محض الزامات کے تحت اور تنگ نظری پرمبنی اپنی پالیسیوں کو آگے بڑھانے کے لئے اقوام متحدہ کو ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی ہے۔ اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندے نے ایک بار پھر امریکہ کے ان الزامات کی تردید کی ہے کہ ایران واشنگٹن میں سعودی سفیر کے قتل کے منصوبے میں ملوث ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بے بنیاد الزامات کے ساتھ ساتھ ایران کے خلاف وسیع پیمانے پر پروپگينڈا ملت ایران کے خلاف امریکی حکام کے دشمنانہ عزائم کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف یہ سناریو ایسی حکومت نے شروع کیا ہے کہ جو ناقابل انکار ثبوت و شواہد کےمطابق جو کہ اقوام متحدہ کو بھی پیش کئے جا چکے ہیں ایران کی قوم اور حکومت کے خلاف دہشت گردی کی حمایت کرتی ہے۔ ....../169