ابنا: ڈیلس ۔تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان میں عوام کی اکثریت تبدیلی کی خواہاں ہے اورعوام میں اس آنیوالے انقلاب کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ وہ یہاں ڈیلس میں پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام پارٹی کے فنڈز ریزنگ ڈنرکی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ عمران خان نے کہاکہ پاکستان کی بڑی سیاسی پارٹیاں جعلی ووٹوں کے ذریعے ہمیشہ اسمبلیوں میں آتی رہیں اورآٹھ کروڑ میں سے تین کروڑستر لاکھ ووٹ جعلی نکلے ہیں، جبکہ ساڑھے تین کروڑ ووٹ سرے سے رجسٹرڈ نہیں تھے جس پر سپریم کورٹ نے احکامات جاری کئے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان بہت طاقتورملک ہے کیونکہ جو ملک آصف زرداری کو 3 سال تک صدر برداشت کرسکتا ہے تو اس سے آپ اندازہ لگاسکتے ہیں کہ وہ ملک کتنا طاقتور ملک ہوگا۔
انہو ں نے کہا کہ تحریک انصاف اگر برسراقتدار آئی تو ہم ٹیکس کا نظام صحیح طور پر نافذکریں گے اور جس نے اپنے اثاثے ایک بار جو ظاہر کئے اوربعدمیں اس سے زیادہ پایا گیا تو وہ حکومت ضبط کرلے گی۔ انہو ں نے کہا کہ عوام ٹیکس دینے کیلئے تیار ہیں مگر چونکہ وہ پیسہ ان پر خرچ نہیں ہوتا اس لئے کوئی بھی ٹیکس دینے کیلئے تیار نہیں۔ انہو ں نے کہا کہ نوازشریف نے پچھلے سال پانچ ہزار روپے ٹیکس دیا جبکہ آصف زرداری نے تو بالکل ہی نہیں دیا، اسی طرح ستر فیصد اراکین اسمبلی جوکہ الیکشن پر کم از کم ایک کروڑ روپے خرچ کرکے اسمبلیوں تک پہنچتے ہیں، انہو ں نے بھی کوئی ٹیکس نہیں دیا۔ اس طرح آج پاکستان میں غریب امیروں کی پرورش کررہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ ڈینگی برادران کی سیاست لاہور سے ختم ہونے والی ہے اور تیس اکتوبر کو موچی گیٹ لاہور میں ہونے والا تحریک انصاف کا جلسہ اس بات کا فیصلہ کردے گا کہ لاہور کس کا شہر ہے؟انہو ں نے کہا کہ برسراقتدار آکر وزیراعظم ہاؤس کو نیب کے سیکریٹریٹ میں تبدیل کردیں گے جبکہ وزیراعلیٰ اور گورنر ہاؤس کو بھی اچھے انسٹیٹیوٹوں کے حوالے کردیں گے۔
انہو ں نے کہا کہ سی بی آر، نیب اور عدلیہ کی تنخواہوں میں اضافہ کیاجائے گا جبکہ انصاف کو عوام کی دہلیز تک پہنچایا جائے گا، انہو ں نے کہا کہ افغانستان میں صرف ایک حقانی گروپ موجود ہے جو کہ پرو پاکستانی اور جس کو اب امریکہ ہمارے ہاتھوں مرواناچاہتا ہے اوراگر اس طرح ہوا تو افغانستان میں کوئی بھی پرو پاکستانی نہیں بچے گا۔ انہو ں نے کہا کہ طالبان کا مسئلہ ڈائیلاگ سے حل ہوگا اور تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جوکہ قبائلیوں سے بات چیت کرکے مسئلہ کا حل نکال سکتی ہے۔ قبل ازیں جلسے سے پاکستان تحریک انصاف ڈیلس کے صدر ندیم زمان، ایونٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر جلیل اور دیگر نے خطاب کیا۔
..........
/169