26 ستمبر 2011 - 20:30

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد کی امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن سے ملاقات میں بیان کیا گیا : مسئلہ فلسطین کے حل میں حکومت پاکستان اقوام متحدہ میں اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرے۔

ابنا: مسئلہ فلسطین کے حل میں حکومت پاکستان اقوام متحدہ میں اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرے۔ قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی صرف مسلم امہ ہی نہیں بلکہ عالم انسانیت کی بقاء کے لئے ضروری ہے۔

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران کہا : 'گلوبل مارچ ٹو یروشلم' قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی اور غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کی نابودی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنماؤں مظفر احمد ہاشمی (سابق رکن قومی اسمبلی)، علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی (رہنما جمعیت علماء پاکستان)، اور علامہ آفتاب حیدر جعفری (رہنما جعفریہ الائنس پاکستان) کی سرپرستی میں امیر جماعت اسلامی سید منور حسن سے ملاقات کی، ملاقات میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی، ذیشان حیدر (رکن ورکنگ کمیٹی)، یاسر رضا (رکن ورکنگ کمیٹی )، محمد حسین محنتی (امیر جماعت اسلامی کراچی)، راشد قریشی (رہنما جماعت اسلامی)، سرفراز احمد (جماعت اسلامی ) کے علاوہ دیگر بھی شریک تھے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا : آئیندہ برس مارچ میں 'گلوبل مارچ ٹو یروشلم' کی پاکستان میں بھرپور تیاریاں کی جائیں گی اور اس حوالے سے جماعت اسلامی پاکستان فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت چلائی جانے والی تحریک میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے عالمی مارچ برائے آزادیئ القدس میں شریک ہو گی ۔

اس موقع پر رہنماؤں نے پاکستان کے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ تحریک آزادیئ القدس میں بھرپور طریقے سے وارد ہوں اور قبلہ اول کی آزادی میں اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر آزاد فلسطین ریاست کے قیام کے عنوان سے بات چیت کرتے ہوئے رہنماؤں نے اسلامی تحریک مزاحمت حماس اورجہاد اسلامی کے مؤقف کی حمایت کی اور کہا کہ آزاد فلسطینی ریاست کا قیام نا گریز ہے تاہم فلسطین کی ایک بالشت زمین بھی صیہونی تسلط میں باقی نہیں رہنے دی جائے ۔...........

/169