ابنا: اطلاعات کے مطابق دہلی ہائی کورٹ کے باہر گزشتہ روز ہونے والے بم دھماکے کے سلسلے میں ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے کشتواڑ شہر سے ایک سائبر کیفے کے مالک سمیت تین افراد کو حراست میں لیا گيا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ دھماکے کے بعد میڈیا دفاتر کو ایک ای میل موصول ہوا تھا جس میں مبینہ طور پر اس بم دھماکے کی ذمہ داری لی تھی۔ اطلاعات کے مطابق یہ ای میل کشتواڑ کے ایک سائبر کیفے سے بھیجا گيا تھا۔ دریں اثنا وزیراعظم منموہن سنگھ نے بم دھماکے میں ہونے والے زخمیوں کی عیادت کی ہے۔اطلاعات کے مطابق منموہن سنگھ بنگلہ دیش کا دو روزہ دورہ مکمل کرکے گزشتہ رات دہلی واپس پہنچے۔ وہ دہلی کے ہوائي اڈے سے سیدھے رام منوہر لوہیا اسپتال گئے جہاں انہوں نے بم دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔ وزیر صحت غلام نبی آزاد بھی ان کے ساتھ تھے۔ بم دھماکے کے تقریبا پچاس زخمی مذکورہ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ادھر ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں گزشتہ روز ہائی کورٹ کے باہر ہونے والے بم دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر بارہ ہوگئی ہے۔اس بم دھماکے میں دسیوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جو دہلی کے مختلف اسپتالوں میں داخل ہیں۔............ /169
7 ستمبر 2011 - 19:30
News ID: 264383
دہلی میں ہونے والے بم دھماکے کے سلسلے میں تین افراد کو گرفتار کرلیا گياہے۔