1 اگست 2011 - 18:05

علامہ سید عبد الجلیل نقوی اور دیگر راہنماؤں نے نے کہا کہ بے یارومددگار اور بے بس عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا کیونکہ ان کے دکھوں کا مداوا نہیں ہورہا بلکہ عملاً اس ملک میں دہشت گردوں کا راج ہے۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید عبد الجلیل نقوی' معاون صدر آغا عظمت عباس اور راولپنڈی ڈویژن کے صدر علامہ عارف حسین واحدی ' علامہ اشفاق وحیدی' علامہ نصیر حیدر اور دیگر نے سانحات کوئٹہ کے خلاف علامہ سید ساجد علی نقوی کی طرف سے اعلان شدہ تین روز ہ سوگ کے پہلے روز مختلف تعزیتی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے ان سانحات کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ کوئٹہ میں 24 گھنٹوں کے دوران دو درجن کے لگ بھگ افراد کے دہشت گردی کی نذر ہوگئے ' عوام گاجر مولی کی طرح کٹ رہے ہیں لیکن کوئی سمت اور طرف ایسی نہیں جس کی جانب یہ امید لگائی جاسکے کہ وہاں سے عوام کو جانی و مالی تحفظ فراہم ہوسکے گا اور وہ مملکت خدادادپاکستان میں امن و سکون اور چین کی زندگی گزارسکیں گے۔ 
مقررین نے کہا کہ بے یارومددگار اور بے بس عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اور انکی مایوسی آخری حدوں کو چھو رہی ہے کیونکہ کسی جانب سے بھی ان کے دکھوں کا مداوا نہیں کیا جارہا اور دہشت گردی' ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی پر قابو نہیں پایا جاسکا بلکہ عملاً اس ملک کے گلی کوچوں میں دہشت گردوں کا راج دکھائی دیتا ہے اور وہ جب اور جہاں چاہتے ہیں معصوم اور جیتے جاگتے انسانو ں کو ان کے اپنے ہی خون میں نہلادیتے ہیں۔
.....
/110- 169