ابنا: عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی کی شورائے عالی کے رکن علامہ سید ساجد علی نقوی نے کوئٹہ میں مقامات مقدسہ کے لئے روانہ ہونے والے زائرین کی بس پر موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پانچ سے زائد زائرین کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ' دہشت گردی اور قتل و غارت نے ملک کو تباہی و بربادی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے مگر حیرت اور افسوس ہے کہ معصوم' نہتے اور بے یارومددگار عوام کا کوئی پرسان حال نہیں اور انکی جانوں و مال کا تحفظ کرنے میں ریاست کے ذمہ داران بھی ناکام ہوچکے ہیں۔ بے حسی کا یہ عالم ہے کہ ملک کے دیگر حصوں سمیت کوئٹہ شہر میں آئے روز ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے متواتر جاری ہے مگر چیف جسٹس ہائی کورٹ بلوچستان کے از خود نوٹس اور حکم کے باوجود ذمہ داران میں کوئی ٹس سے مس نہیں ہوا بلکہ صوبائی وزیر داخلہ اسمبلی فلور پر یہ بیان دیتے نظر آتے ہیں کہ ہم ٹارگٹ کلرز کو جانتے ہیں مگر کچھ کرنہیں سکتے۔
علامہ ساجد نقوی نے شہید ہونے والے زائرین کے لواحقین و پسماندگان سے دلی دکھ اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس سانحہ کے مرتکب دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیازخمیوں کے علاج معالجے اور مناسب دیکھ بھال کے لئے شیعہ علماء کونسل بلوچستان کے عہدیداروں کو مناسب ہدایات جاری کیں۔
............
/169