ابنا: تہران میں نماز جمعہ کے عارضی خطیب حجۃ الاسلام سید احمد خآتمی نے برطانیہ میں موبائل اور ٹیلیفون مکالمات سننے کی حالیہ رسوائی اور اس سلسلے میں ایک نامہ نگار کے بہیمانہ قتل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانوں کا قتل انگریزوں کی عادت بن گيا ہے۔ انھوں نے کہا کہ انگریزصرف انسانی حقوق کا دم بھرتے ہیں اور عملی طور پر انسانی حقوق کو پامال کرتے ہیں انھوں نے کہا کہ برطانوی حکومت برطانوی شہریوں کے حقوق پامال کرنے میں شریک ہے اور یہ مغربی ڈیموکریسی کے تابوت میں کیل گاڑ دی گئی ہے سید احمد خآتمی نے کہا کہ برطانیہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی میں خود برطانوی حکومت کے اعلی اہلکار ملوث ہیں جو برطانوی شہریوں کے ٹیلیفون ٹیپ کرنے کے جرم میں شریک ہیں۔
خطیب جمعہ نے مصری ، بحرینی اور یمنی عوام کی استقامت اور پائداری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ سعودی عرب کے ذریعہ اسلامی بیداری کی موج پر سوار ہونے کی تلاش و کوشش کررہا ہے لیکن مصر ، یمن اور بحرین کے عوام اسے اس بات کی اجازت نہیں دے رہے ہیں انھوں نے کہا کہ علاقائی عوام کے اندر امریکہ اور امریکہ نواز عرب حکام کے خلاف سخت نفرت پا ئی جاتی ہے اور یمن و بحرین میں امریکہ اور سعودی حکام کے خلاف نعرے اس بات کا واضح ثبوت ہیں۔ خطیب جمعہ نے کہا کہ اگر عرب عوام میدان میں استقامت کے ساتھ موجود رہے تو کامیابی ان کے قدم چومے گی اور اللہ تعالی ان کی مدد اور نصرت فرمائے گا۔
..............
/169