10 مئی 2011 - 19:30

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ نے امید ظاہر کی ہےکہ تہران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان آئندہ مذاکرات مفید واقع ہونگے۔

ابنا: علاء الدین بروجردی نے ایسنا نیوز ایجنسی سے گفتگو میں گروپ پانچ جمع ایک سے مذاکرات کرنے پرآمادگي پرمبنی صدر احمدی نژاد کے بیان کی طرف اشارہ کرتےہوئے کہا کہ ایران نے گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ مذاکرات کے بارےمیں کبھی بھی منفی نظر کا اظہار نہیں کیا لیکن مذاکرات کی نوعیت نہایت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ مذاکرات ایران کے پیکج کے مطابق ہونے چاہیں۔ علاالدین بروجردی نے کہا کہ ایران نے اپنے پیکج میں انرجی کی سپلائي اور دہشتگردی سے مقابلے جیسے دنیا کے اہم ترین مسائل پیش کئےہیں جن پر ایران اور پانچ جمع ایک کے آئندہ مذکرات میں توجہ کی جانی چاہیے۔ یادرہے صدرجناب احمدی نژاد نے پیر کے دن استنبول میں کم ترقی پذیر ملکوں کے اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات میں کہا تھا کہ ایران حکومتوں اور قوموں کے مابین مفاہمت پیدا کرنے کے لئے مدد دینے کو تیارہے۔ادھر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے مشیر اعلی نے کہا کہ تہران چاہتاہےکہ گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ مذاکرات کا اگلا دور بھی استنبول میں منعقد ہو۔ مجتبی ہاشمی ثمرہ نے استنبول میں صدر جناب احمدی نژاد کے بیانات کی طرف اشارہ کرتےہوئے کہا کہ ایران عدل و انصاف اور باہمی احترام کےاصولوں کےمطابق مذاکرات کا خواہاں ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔/169