7 مارچ 2011 - 20:30

آج صبح خبرگان کونسل کے اجلاس میں آیت اللہ مہدوی کنی 84 ووٹوں میں سے 63 ووٹ حاصل کرکے خبرگان کونسل کے سربراہ منتخب ہوگئے ہیں ۔

ابنا: آج صبح خبرگان کونسل کے اجلاس میں آیت اللہ مہدوی کنی 84 میں سے 63 ووٹ حاصل کرکے دو سال کی مدت کے لئےخبرگان کونسل کے  سربراہ منتخب ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق آیت اللہ مہدوی کنی کے خبرگان کونسل کی صدارت کے لئے  نامزد ہونے کے بعد آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نامزدگی سے دستبردار ہوگئے اور آیت اللہ مہدوی کنی 63 ووٹ حاصل کرکے خبرگان کونسل کے نئے سربراہ منتخب ہوگئے ہیں۔ 
ان سے قبل آیت اللہ ہاشمی خبرگان کونسل کے سربراہ تھے

بشکریہ از مہر نیوز

حالات زندگی
آیت اللہ محمد رضا مہدوی کنی سنہ 1310 ہجری شمسی بمطابق 1931 کو تہران کے نواحی قصبے "کَن" میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے ابتدائی تعلیم کَن اور تہران میں حاصل کی اور پھر تہران کے مدرسہ علمیہ برہان میں تین سال تک حصول علم کے بعد قم المقدسہ تشریف لے گئے اور وہاں آیت اللہ حاج شیخ عبدالجواد سدہ‌ای (جبل عاملی)، شہید آیت اللہ  صدوقی، آیت اللہ سلطانی، آیت اللہ مجاہدی، آیت اللہ رفیعی قزوینی، آیت اللہ شعرانی، آیت اللہ علامہ طباطبایی، آیت‌اللہ العظمی بروجردی، آیت اللہ العظمی امام خمینی اور آیہ‌اللہ العظمی گلپایگانی (رحمةاللہ و رضوانہ علیہم اجمعین) سے فیض حاصل کیا۔
آیت اللہ العظمی سید حسین طباطبائی بروجردی (رح) کے انتقال کے بعد تہران واپس چلے آئے اور شاہ کی طاغوتی حکومت کے خلاف اپنی جدوجہد ـ جو انھوں نے اٹھارہ سال کی عمر میں آیت اللہ بروجردی کے زمانے میں شروع کررکھی تھی ـ جاری رکھی. آیت اللہ العظمی امام خمینی رحمةاللہ علیہ کی اسلامی تحریک شروع ہوتے ہی آیت اللہ مہدوی کنی بھی اس تحریک کا حصہ بن گئے اور نہایت سرگرمی سے اس تحریک میں حصہ لیا اور اس راہ میں شاہی اذیتکدوں میں عرصہ دراز تک صعوبتیں جھیلیں اور اپنی زندگی کا طویل عرصہ جیلوں اور جلاوطنیوں میں گذارا۔
آیت اللہ مہدوی کنی انقلاب اسلامی کی کامیابی سے قبل امام خمینی رحمةاللہ علیہ کے حکم پر شورائے انقلاب (ریوالوشن کونسل) کے رکن بنے اور انقلاب کی کامیابی کے بعد بھی مختلف قسم کے حساس مناصب پر فائز رہے جن میں درج ذیل عہدے قابل ذکر ہیں:
- انقلاب اسلامی کمیٹی (سیکورٹی فورس) کے سرپرست
- گارڈین کونسل کے رکن
- شہید رجائی کی صدارت کے ایام میں وزیر داخلہ
- صدر شہید رجائی اور وزیر اعظم شہید باہنر کی کابینہ میں وزیر داخلہ
- شہید رجائی اور شہید باہنر کی شہادت کے بعد وزیر اعظم کے عہدے پر فائز رہے
- اعلی ثقافتی و تعلیمی کونسل کے رکن
ـ جنگ زدہ علاقوں کے مسائل حل کرنے کے لئے تشکیل شدہ ادارے کے سربراہ
ـ آئینی ترامیم کے لئے تشکیل یافتہ کمیٹی کے رکن
ـ تشخیص مصلحت فورم کے رکن
ـ مساجد کے مسائل حل کرنے کے لئے تشکیل یافتہ کمیٹی کے سربراہ
اس وقت بھی آیت اللہ محمد رضا مہدوی کنی کی ذمہ داریاں کچھ یوں ہیں:
- تہران کے مجاہد علماء سوسائٹی کے سیکریٹری
ـ امام صادق (ع) یونیورسٹی کے سربراہ
- امام خمینی رحمةاللہ علیہ کی جانب سے تہران کے مدرسہ علمیہ مروی کے متولی و سرپرست
ـ مجلس خبرگان کے رکن
تازہ ترین عہدہ
آیت اللہ مہدوی کنی آج (8 مارچ 2011) کو مجلس خبرگان کے اجلاس میں اس مجلس کے سربراہ منتخب ہوئے ہیں۔
آیت اللہ مہدوی کنی مسلسل درس و تدریس سے منسلک ہیں اور ان کی بعض کتابیں بھی شائع ہوئی ہیں جن میں "عملی اخلاق میں ابتدائی نقاط"، "قرآن میں اسلامی اقتصادیات کے اصول و مبانی"، "20 تقریریں"  اور "شرح دعائے افتتاح"، شامل ہیں۔

 

۔۔۔۔۔۔۔

/110