ابنا: تہران کی مرکزی نماز جمعہ حجت الاسلام والمسلمین کاظم صدیقی کی امامت میں ادا کی گئي۔ خطیب جمعہ تہران نے چابہار کے دہشتگردانہ واقعات کی مذمت کی اور کہا کہ اس واقعے میں بیرونی انٹلجنس سروسس ملوث ہيں۔ انھوں نے کہا کہ جو لوگ اس طرح کے گھناونے اعمال کا ارتکاب کرتے ہیں وہ سب سے زیادہ قابل نفرت ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اختلاف اور بدامنی پھیلانا اور ایرانی شہروں کو بدامنی کا شکار ظاہر کرنا دہشتگردوں کا ہدف ہے۔ جناب صدیقی نے کہاکہ دشمن اندھی دہشتگردی کے سہارے اپنے اہداف تک نہیں پہنچ سکتا اور ایرانی قوم حساس مواقع پر مزید متحد ہوجاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہشتگرد اور ان کے حامی ایران کے شہروں کو بدامنی کا شکار ظاہر کرکے اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام میں فاصلے پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن ملت ایران نے ہمیشہ ہوشیاری سے دشمنوں کی سازشوں کے مقابل استقامت کا ثبوت دیا ہے اور دشمنوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ خطیب جمعہ نے برطانیہ میں طلباء کے مظاہروں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ انسانی حقوق کا دعویدار بھی ہے لیکن اسی کی پولیس طلباء کے پرامن مظاہروں کو کچل رہی ہے۔ خطیب جمعہ تہران نے پہلے خطبے میں واقعۂ عاشورا اور حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت عظمی پر روشنی ڈالی اور عزاداروں کو تعزیت پیش کی۔ انھوں نے کہا کہ کربلا ایک ایسی درس گاہ ہے جو انسان کو بھرپور اور ہمہ جہت ہدایت فراہم کرتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔
/110