اطلاعات کے مطابق پاکستان کے مختلف سیاسی حلقوں نے بوشہر ایٹمی بجلی گھر کے افتتاح پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالم اسلام کے لئے ایک مثبت خبر سے تعبیر کیا ہے۔پاکستان میں آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اور دفاعی امور کے ماہرجنرل حمیدگل نے اپنے ایک بیان میں بوشہر ایٹمی بجلی گھر کے باضابطہ افتتاح اور ایران کے ایٹمی کلب کا رکن بن جانے کو سارے اسلامی ملکوں کے لئے مثبت اور اسلام مخالف قوتوں خصوصا صہیونی ریاست اور امریکہ کی شکست قرار دیا۔جنرل حمید گل نے ایران پر امریکی جارحیت کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عراق اور افغانستان پرجارحیت کی بنا پر امریکہ کمزور پڑچکا ہے اور اس میں اتنی سکت نہیں کہ وہ کسی اور ملک پرحملہ کرسکے۔جنرل حمیدگل نے کہا کہ حکومت پاکستان کو ایران کی حمایت کرنی چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ اس حمایت سے صرف پاکستان کو فائدہ نہ ہوگا بلکہ یہ پورے عالم اسلام کے لئے مفید ہوگی۔دریں اثنا پاکستانی حزب اختلاف اور مسلم لیگ نون کے رکن اسمبلی احسن اقبال نے بھی اپنےبیان میں بوشہر ایٹمی بجلی گھر کے افتتاح کو تحسین آمیز اقدام قرار دیتے ہوئے اسے ملت ایران بلکہ پوری امت اسلامیہ کی عظیم فتح قرار دیا۔انھوں نےکہا کہ ملت ایران کے دشمن ہرگز اپنے عزائم میں کامیاب نہيں ہوں گے۔ احسن اقبال نےدفاعی امور میں ایران کی ترقی و پیشرفت کو بھی سراہا اور اسے پابندیوں اور اقتصادی محاصرے کی مشکلات کے باوجود قوموں کی سربلندی کی علامت قراردیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
/110