بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ بحرین کی حکومت نے حالیہ شیعہ مخالف اقدامات میں اس ملک کی اکثریتی شیعہ آبادی کے علماء پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔
آل خلیفہ حکومت نے آج اس ملک کے 53 علماء اور مذہبی شخصیات کے خلاف مقدمہ چلا کر 15 سال قید سے عمر قید تک کی سزائیں سنائیں، جن میں کم از کم 49 افراد کو عمر قید کی سزا دی گئی ہے۔ ان 49 علمائے کرام میں، دو اعلیٰ پائے کے علماء یعنی آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم اور علامہ شیخ علی السدادی بھی شامل ہیں۔
آل خلیفہ کی جابر حکومت نے اس جرم کا ارتکاب اس وقت کیا کہ بحرین کی اکثریتی آبادی شیعہ ہے اور اس طرح کے رویئے کے نتیجے میں عوامی احتجاجات سامنے آئے ہیں جن میں شدید اضافے کا امکان ہے۔
شیعوں پر جبر میں شدت امریکہ کی ایران کے خلاف جنگ کے ساتھ ساتھ
بحرین کی خلیفی حکومت ہمیشہ شیعوں کو کچلنے کے لئے متعدد اور پرتشدد اقدامات کرتی رہی ہے؛ گرفتاری اور تشدد سے لے کر شیعہ مساجد کی مسماری تک جیسے اقدامات، اس استبدادی بادشاہت اور اکثریت پر اقلیت کی حکومت کے پس منظر میں شامل ہیں۔
تاہم اس اقلیتی بادشاہت نے حالیہ مہینوں میں ایران پر امریکی-صہیونی جارحیت کے بعد سے اپنی جابرانہ پالیسیوں میں شدت سے اضافہ کیا ہے۔
یہ بات قابل توجہ ہے کہ بحرین کی خلیفی ریاست پانچویں امریکی بحری بیڑے کی میزبان ہے، جو خلیج فارس میں سینٹ کام کی دہشت گرد فوج کا سب سے اہم ستون اور تہران کے خلاف حملوں کا مرکزی کردار ہے۔
شیعیان بحرین پر خلیفی جبر اور عوام کی سرکوبی کی نئی لہر کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ یہ صرف اس اکثریتی آبادی کی سیاسی سرگرمیوں کی کڑی نگرانی تک ہی محدود نہیں ہے؛ بلکہ ہر قسم کے سماجی اور مذہبی رویوں پر کنٹرول رکھنا بھی لہر میں شامل ہے۔
مذہبی شخصیات کی گرفتاری، مذہبی شعائر پر پابندیاں، محرم کے جلوسوں پر جبر و تشدد، شیعہ مراجع کے پیروکاروں پر دباؤ اور مذہبی اداروں کے خلاف مقدمات بنانا، یہ سب بحرین کی اکثریتی شیعہ آبادی کے سماجی ڈھانچے کو کمزور کرنے کی کوشش کو ظاہر کرتے ہیں۔ اس فریم ورک میں بحرین کے شیعوں کو برابر حقوق کے حامل شہریوں کے بجائے ایک "سیکیورٹی مسئلہ" قرار دیا جاتا ہے۔
بحرین میں عاشورا 2026 کے ایام شعائرِحسینیہ کے خلاف پابندیوں میں شدت کی لہر کے ساتھ شروع ہوئے تھے۔ عاشورائی علامات کو جمع کرنے اور تقریبات کے منتظمین کی گرفتاری سے لے کر مقررین، مرثیہ خوانوں اور عزاداری کے جلوسوں پر پابندیوں تک۔ شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ خلیفی حکومت نے وقتی پابندیوں سے آگے بڑھ کر اس طرز سلوک کو اپنا مستقل رویہ بنا لیا ہے۔

امریکی تنظیم Americans for Democracy & Human Rights in Bahrain [ADHRB] کی رپورٹ کے مطابق، رہائشی محلوں میں صوتی گرینیڈ، آنسو گیس اور پلاسٹک گولیوں کا استعمال عزاداریوں کو کچلنے کے لئے خلیفی حکومت کے معمول کے اقدامات کا حصہ ہے۔
جمعیتِ وفاقِ مِلی اسلامی نے جون 2026 میں ایک بیان میں زیر حراست علماء کی صورتحال کے بارے میں رپورٹ جاری کی۔
اس بیان کے مطابق، کئی شیعہ علماء کو خفیہ حراست گاہوں میں مار پیٹ، مذہبی توہین، جنسی زیادتی کی دھمکی، علاج معالجے اور ادویات سے محرومی، چہروں کو مسلسل ڈھانپے رکھنا، ہاتھ باندھنا، جعلی اعترافی بیانات پر دستخط کرنے پر مجبور کرنا اور شیعہ مقدسات کی بے حرمتی جیسے رویوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اس بیان میں زور دیا گیا ہے کہ ایسے اقدامات اعلیٰ سیکیورٹی حکام کے حکم پر اور شیعہ مرجعیت کے خلاف ایک منظم پالیسی کے فریم ورک میں کئے جاتے رہے ہیں۔
"بندر رپورٹ" کا معاملہ اور شیعہ آبادی کی تبدیلی
آل خلیفہ حکومت نے 2002 سے بحرین کی سیاسی اور سماجی فضا کی تشکیل اور ترسیم کے لئے "بندر رپورٹ" کے نام سے ایک خفیہ منصوبہ تیار کیا۔ اس دستاویز کو 2006 میں اس وقت کی وزارت امور کابینہ کے مشیر "صلاح البندر" نے فاش کر دی؛ جس کے نتیجے میں انہیں (صلاح البندر کو) فوری طور پر ملک بدر کر دیا گیا۔
یہ دستاویزات ایک "خفیہ سیکیورٹی-سیاسی نیٹ ورک" یا "خفیہ حکومت (Deep state = ریاست کے اندر ریاست)" سے پردہ اٹھاتی ہیں جس نے حکمران آل خلیفہ خاندان کے قریبی افراد کی نگرانی میں شیعہ اکثریت کو مٹانے کی ذمہ داری سنبھالے ہوئی تھی۔
اس منصوبے کا سب سے مرکزی حصہ اور بنیادی مقصد بھارت، پاکستان، یمن اور سعودی عرب جیسے ملکوں سے ہزاروں سنی تارکین وطن کو شہریت دے کر "آبادیاتی ساخت میں تبدیلی" اور"شیعہ اکثریت کی اقلیت میں تبدیلی" ہے۔
اس پالیسی کو "شیعیان بحرین کے آبادیاتی وزن کم کرنے" اور "احتجاجات، ـ خاص طور پر شیعہ احتجاجات کو کچلنے کے لئے وفادار فوجی قوت کی فراہمی" کی غرض سے آگے بڑھائی جاتی ہے۔ چنانچہ 2011 کے احتجاجات کے بعد، جبری قوتوں کا بڑا حصہ انہی شہریت یافتہ افراد میں سے چنا گیا۔
جہاں خاموشی جائز نہیں ہے
خطے کی پیش رفت اور بحرین کے شیعوں پر جبر میں شدت کے موقع پر، ان کی حمایت کرنا نہ صرف شیعیان عالم بلکہ تمام مسلمانوں کی اہم ذمہ داری ہے۔
اس سلسلے میں، حکومتوں کو چاہئے کہ وہ آل خلیفہ حکومت پر مؤثر دباؤ ڈالتے ہوئے ان رویوں کو روکیں اور آج کی سزاؤں کی منسوخی کا مطالبہ کریں۔"
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بقلم: علیرضائی
ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ