اہلِ بیت(ع) انٹرنیشنل نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، تہران سے تعلق رکھنے والے 10 سالہ طالب علم علیرضا بخشی ایرج نے رہبرِ معظم انقلاب کے نام ایک پُرخلوص خط تحریر کیا تھا۔ اس خط میں اس نے آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای سے اپنی عقیدت اور محبت کا اظہار کیا، ان کی رہنمائی پر شکریہ ادا کیا اور اسلام کے مجاہدین کی مدد کے لیے ایک رقم بھی بطور تحفہ پیش کی۔
رپورٹ کے مطابق، علیرضا نے یہ خط 23 شہریور 1405 کو لکھا تھا، جس میں اس کے معصوم جذبات اور رہبرِ معظم سے بالمشافہ ملاقات کی خواہش نمایاں تھی۔
10 سالہ علیرضا کے خط کا متن:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
سلام آقا
میرا نام علیرضا بخشی ہے۔ میری عمر 10 سال ہے اور میں تہران میں رہتا ہوں۔
سچ کہوں تو مجھے نہیں معلوم کہ میرا یہ خط آپ تک پہنچ بھی پائے گا یا نہیں۔ کاش ایسا ممکن ہوتا کہ میں آپ سے قریب بیٹھ کر بات کر سکتا۔
حقیقت یہ ہے کہ ہم آپ کی رہنمائیوں کے بہت احسان مند ہیں۔ یہ رقم بھی آپ کا شکریہ ادا کرنے اور اسلام کے مجاہدین کی مدد کے لیے پیش کر رہا ہوں۔
آپ سے ملاقات کا مشتاق،
علیرضا بخشی ایرج
23/6/1405
پس نوشت: آپ کو سالگرہ کی مبارک باد، اگرچہ کچھ تاخیر سے
یہ محبت بھرا خط جب رہبرِ معظم انقلاب تک پہنچا تو انہوں نے بھی اس ننھے طالب علم کے خلوص کا جواب اسی محبت اور شفقت سے دیا۔ آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے علیرضا کے نام ایک خط تحریر کیا اور اس کے لیے اپنی جانب سے ایک تحفہ بھی بھیجا۔
رہبرِ معظم انقلاب کے جوابی خط کا متن
’’بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
میرے عزیز دوست جناب علیرضا بخشی
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
آپ کی محبت بھری توجہ کا بہت شکریہ۔ البتہ اس حقیر بندے کی سالگرہ ماہِ اسفند میں ہوتی ہے۔ میں بھی آپ کی اس محبت اور بزرگواری کے جواب میں اپنی طرف سے ایک معمولی سا تحفہ پیش کر رہا ہوں۔
اپنے اہلِ خانہ تک میرا سلام پہنچا دیجیے۔
سید مجتبیٰ خامنہ ای

آپ کا تبصرہ