اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ایرانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’آپریشن صاعقہ‘‘ کے 30ویں مرحلے میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کے جواب میں آج صبح سے فوج کے درجنوں خودکش ڈرونز نے متحدہ عرب امارات کے الظفرہ اور المنہاد فوجی اڈوں پر موجود ریڈار نظام اور امریکی فوجیوں کی تعیناتی کے مقامات کو نشانہ بنایا۔
بیان کے مطابق بحرین کے شیخ عیسیٰ فوجی اڈے میں موجود امریکی فوجیوں کے ریڈار مراکز اور اجتماع کے مقامات کو بھی ’’آرش‘‘ ڈرونز کے ذریعے ایک بار پھر بڑے پیمانے پر حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی فوج نے کہا کہ الظفرہ اڈہ خطے میں امریکی فوج کے اہم آپریشنل مراکز میں شمار ہوتا ہے، جہاں فضائی کارروائیوں، نگرانی، جاسوسی اور فوجی معاونت کے لیے سہولیات موجود ہیں۔
ایرانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا کہ رہائشی علاقوں اور شادی کی تقریبات کو نشانہ بنانا جنگی جرم کی واضح مثال ہے اور اس سے ’’امریکی انسانی حقوق‘‘ کے دعووں کی اصل حقیقت بھی سامنے آتی ہے۔
بیان میں خبردار کیا گیا کہ ان کارروائیوں کے جواب میں ایرانی فوج کی جانب سے دشمن کے خلاف جوابی حملوں کا سلسلہ مزید وسیع اور بڑے پیمانے پر جاری رہے گا۔
آپ کا تبصرہ