17 جولائی 2010 - 19:30

سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ نواز شریف درپردہ طالبان سے ملے ہوئے ہیں، نواز شریف کی داڑھی باہر نہیں بلکہ ان کے پیٹ میں ہے۔

 امریکا کے شہر ہیوسٹن میں اٹارنی نومی حسن کی جانب سے اپنے اعزاز میں ظہرانے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ جب بھی پاکستان میں انتخابات ہوں گے، میں پاکستان جاؤں گا، پاکستان کی صورتحال پر امریکی سینیٹرز سے ملاقاتیں کر رہا ہوں۔ دریں اثناء سابق صدر نے ریاست ٹیکساس کے دوسرے بڑے شہر ڈیکس میں مصروف دن گزارا۔ گزشتہ 3 روز سے وہ یہاں اپنی بیگم کے کزن کے گھر رہائش پزیر ہیں جبکہ روزانہ ان کے اعزاز میں نجی محفلوں کا اہتمام یہاں کمیونٹی کے بعض افراد کی جانب سے کیا جارہا ہے۔ جنگ کی جانب سے ان سے رابطے کی کوشش کی گئی لیکن ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں ملا۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کے میڈیا انچارج نے ان سے جنگ کے اس رابطے کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کی روشنی میں ان کے خیالات جاننا چاہتے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اس بارے میں فی الحال کوئی بات نہیں کرنا چاہتے۔ ذرائع کے مطابق پرویز مشرف امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کے بااثر رہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں اور انہیں آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کی دعوت دے رہے ہیں۔ مزید برآں، ہیوسٹن میں انہیں وہ پروٹوکول حاصل نہیں تھا جو ماضی میں انہیں دیا جاتا رہا ہے؛ ان کے ساتھ صرف ذاتی سیکورٹی کے افراد شامل تھے۔ پرویز مشرف منگل کے روز لندن پہنچیں گے۔

.........

/110