اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، شام کی وزارت داخلہ نے حلب کے صوبے میں ایک سکیورٹی آپریشن کے دوران داعش کے ایک اہم فوجی کمانڈر کی گرفتاری کی اطلاع دی ہے۔
شامی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ منبج شہر کے نواح میں ایک انتہائی منظم اور کامیاب سکیورٹی کارروائی کی گئی، جس میں داخلی سکیورٹی فورسز اور شامی جنرل انٹیلی جنس کے اہلکاروں نے حصہ لیا، جبکہ بعض بین الاقوامی شراکت داروں نے بھی تعاون کیا، تاہم ان کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔
وزارت کے مطابق کارروائی کے دوران داعش کے کمانڈر حمزہ عبداللہ محمد المعروف ابوجہاد المہاجر کو گرفتار کیا گیا۔ وہ ماضی میں داعش کی جانب سے قائم کردہ ’’ولایت شام‘‘ کا مرکزی فوجی کمانڈر رہ چکا ہے۔
شامی وزارت داخلہ کے مطابق گرفتار شخص اس سے قبل داعش کے سابق مرکزی فوجی کمانڈر الحارثی کے نائب کے طور پر بھی کام کر چکا ہے، جبکہ اس سے پہلے وہ اسی نام سے داعش کی ’’ولایت ادلب‘‘ کا ذمہ دار تھا۔
وزارت داخلہ نے کہا کہ یہ کارروائی داعش کے خفیہ نیٹ ورکس اور اہم کمانڈروں کے خلاف جاری سکیورٹی اقدامات کا حصہ ہے، جن کا مقصد تنظیم کے نیٹ ورک کو توڑنا، اس کی دوبارہ منظم ہونے کی کوششوں کو ناکام بنانا اور شہریوں کی سلامتی و ملک کے استحکام کو لاحق خطرات کا سدباب کرنا ہے۔
آپ کا تبصرہ