اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، جنوبی لبنان میں گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کے حملوں اور حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
اسرائیلی جنگی طیاروں نے نبطیہ کے علاقے میں علی الطاہر کی پہاڑیوں کے اطراف مختلف مقامات پر بمباری کی، جبکہ اسرائیلی توپ خانے اور مشین گنوں سے بھی علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹس کے مطابق توپ خانے کی کارروائی میں فاسفورس گولوں کے استعمال کی بھی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب علی الطاہر کی پہاڑیوں کے اطراف شدید جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ حزب اللہ کے جنگجوؤں نے اس علاقے کی جانب اسرائیلی فوج کی پیش قدمی روکنے کی کوشش کی۔ علی الطاہر کی پہاڑیاں جنوبی لبنان کے اہم تزویراتی مقامات میں شمار ہوتی ہیں اور اس محور میں اس سے قبل بھی دونوں جانب جھڑپیں ہو چکی ہیں۔
ادھر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر نے حزب اللہ کے ڈرون حملے میں 3 اسرائیلی فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ اسرائیلی فوج کے ریڈیو کے مطابق، گزشتہ چند ہفتوں کے دوران اس علاقے کی جانب بھیجا جانے والا یہ حزب اللہ کا تیسرا ڈرون تھا، جبکہ اس سے قبل بھیجے گئے بعض ڈرونز کو جاسوسی اور نگرانی کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر بھی حملے کیے، جن کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد شہید اور 19 زخمی ہوئے۔ شہدا میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
حزب اللہ نے اسرائیلی حملے کو ’’وحشیانہ قتل عام‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ لبنان پر حملوں اور میدان میں نئی صورتِ حال مسلط کرنے کی اسرائیلی کوششوں کا مقابلہ لبنان، اس کے عوام، خودمختاری اور قومی وقار کے دفاع کے لیے کیا جائے گا۔
آپ کا تبصرہ