اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، صہیونی حکومت کے جنگی طیاروں نے آج علی الصبح جنوبی لبنان کے قصبے انصار کے نواح میں الزراریہ جانے والی سڑک کے قریب ایک رہائشی مکان کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں مکان مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور 7 افراد شہید جبکہ 3 دیگر زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں علی الصبح سے صہیونی فوج کی جانب سے متعدد حملے اور جارحانہ کارروائیاں کی گئیں۔ جبل الرفیع کے علاقے پر توپ خانے سے گولہ باری کی گئی جبکہ علی الطاہر کے علاقے کو بھی توپ خانے سے نشانہ بنایا گیا۔ صہیونی فوجی ہیلی کاپٹر نے علاقے میں پرواز کرتے ہوئے تلاش کی کارروائی کے ساتھ فضا سے فائرنگ بھی کی۔
قصبے حداثا میں بھی صہیونی فوج نے علی الصبح دھماکے کیے، جبکہ عیتا الشعب کے نواحی علاقوں پر بھاری مشین گنوں سے فائرنگ کی گئی۔
بنت جبیل میں قابض صہیونی فوج نے شہر اور اس کے اطراف کے متعدد دیہات میں تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے اور رہائشی سہولیات کو مسمار کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ صہیونی فوج نے آج علی الصبح شہر کے اندر متعدد رہائشی مکانات کو دھماکوں سے تباہ کردیا۔
صہیونی فوج نے کونین۔صف الہوا کے راستے کے قریب واقع مکانات پر بھی بھاری مشین گنوں سے فائرنگ کی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ نصف شب سے قبل صہیونی جنگی طیاروں نے المنصوری کے علاقے المشاع پر بھی بمباری کی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ انصار اور الزراریہ کے درمیان واقع علاقے پر ہونے والا فضائی حملہ گزشتہ دو ماہ سے جاری جنگ بندی کے بعد جنوبی لبنان میں اس جغرافیائی گہرائی تک کیا جانے والا پہلا حملہ ہے۔
آپ کا تبصرہ