اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے امریکہ میں کویت کی سفیر شیخہ الزین الصباح کے حوالے سے بتایا کہ وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں کیے گئے دعوے "بالکل بے بنیاد" ہیں۔
کویتی سفیر نے کہا کہ ان کا ملک ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی میں شامل نہیں رہا اور کویت کی پالیسی واضح ہے کہ کسی دوسرے ملک کے خلاف فوجی حملوں کے لیے اپنی سرزمین، فضائی حدود یا علاقائی پانیوں کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے وال اسٹریٹ جرنل سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی رپورٹ کی اصلاح کرے اور کویت کے سرکاری مؤقف کو درست انداز میں پیش کرے۔
یہ مطالبہ اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا جس میں امریکی اخبار نے بعض ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ کویت نے خفیہ طور پر جنگی طیارے روانہ کیے تھے تاکہ ایران کے اندر ڈرونز اور میزائلوں کے ذخائر کو نشانہ بنانے والی کارروائیوں میں حصہ لیا جا سکے۔
کویت کی یہ تردید ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان فوجی کشیدگی برقرار ہے۔ حالیہ ہفتوں میں دونوں جانب سے ایک دوسرے کے اہداف پر جوابی حملوں کے دعوے کیے گئے ہیں، جبکہ آبنائے ہرمز میں بحری سلامتی کے معاملے پر اختلافات نے خطے میں بحران کے بڑھنے اور توانائی کی برآمدات پر اثرات کے خدشات میں اضافہ کر دیا ہے۔
آپ کا تبصرہ