17 مئی 2010 - 19:30

حضرت آیت اللہ العظمی نوری ہمدانی نے کہا کہ کہ انقلاب اسلامی کی کامیابی نے مستکبرین کو عاجز اور بے دست و پا کردیا جبکہ محرومین اور مستضعفین کو خواب غفلت سے جگادیا۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق حضرت آیت اللہ العظمی نوری ہمدانی نے سپاہ پاسداران کے سینئر اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے موجودہ صدی کو مسلمانوں کی بیداری اور اسلام کے احیاء کی صدی قرار دیا اور دشمن کے سائبر نیٹ ورک کے انہدام اور اس کے اراکین کی گرفتاری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: یہ اقدام اسلامی جمہوریہ ایران کی سیکورٹی ایجنسیوں کی قوت اور غلبے کی نشاندہی کرتا ہے۔ انھوں نے دنیا والوں کی خواب غفلت سے بیداری کو امام خمینی رحمۃاللہ علیہ کی قیادت کے مرہون منت قرار دیا اور کہا: اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی کبیر نے امریکی اسلامی اور تنگ نظر طالبانی اسلام کا مفہوم واضح کردیا اور خالص محمدی (ص) اسلام کو معاشرے اور عوامی زندگی میں متعارف کرایا۔ حوزہ علمیہ قم کے اعلی سطوح کے اس استاد نے کہا: انقلاب اسلامی سے قبل ایران پر استکبار و استعمار اور استبداد و آمریت کا غلبہ تھا اور مغرب و امریکہ کے ہاتھوں بکے ہوئے حکمران اپنے آقاؤں کے احکامات کی تعمیل کرتے تھے مگر انقلاب اسلامی کی برکت سے دنیا کے عوام خواب غفلت سے جاگ اٹھے ہیں اور آج دنیا کے لوگ امریکہ کے بارے میں پہلے کی طرح کی رائے نہیں رکھتے اور اب امریکہ کے بارے میں ان کی رائے بالکل مختلف ہے۔ انھوں نے کہا: انقلاب اسلامی کی کامیابی اور اسلامی امت اور حریت پسند اقوام کی بیداری میں امام خمینی رحمۃاللہ علیہ کا کردار بہت ہی اہم اور بنیادی تھا اور امام (رح) نے 15 سال کے عرصے میں ـ حتی جلاوطنی کے ایام میں بھی ـ اپنے بیانات اور دلنشین خطابات کے ذریعے لوگوں کے سامنے پہلوی سلطنت کی حقیقت عیاں کردی اور جب عوام نے انقلاب کا ساتھ دیا تو انقلاب کامیاب ہوگیا۔ انھوں نے انقلاب اسلامی کا مقابلہ کرنے کے لئے امریکی سازشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: دشمنان اسلام اور عالمی استکبار آج انقلاب کی بیدار کردینے والی تعلیمات و معارف کے فروغ سے سخت خوفزدہ ہیں چنانچہ وہ مختلف وسائل اور سازشوں کے ذریعے انقلاب اسلامی کی بڑھتی ہوئی لہروں کا راستہ روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔ مرجع موصوف نے آخر میں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر انقلاب اسلامی کے ثمرات و نتائج کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: ایران کا اسلامی انقلاب عالمی سطح پر محرومین اور مستضعفین کی بیداری کا باعث بنا اور عالمی استکبار کے تسلط اور رعب و دبدبے کو توڑ کر رکھ دیا اور ملکی سطح پر بھی ہمارے ملک نے بے پناہ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔  ............../110