8 مارچ 2026 - 13:42
رہبر معظم کی شہادت امتِ مسلمہ کے لیے غیر متوقع اور دردناک صدمہ ہے: مولانا سید احمد علی عابدی

ممبئی کی خوجہ مسجد میں جمعہ کے خطبے سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید احمد علی عابدی نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وصال کے بعد سے آج تک امتِ مسلمہ مختلف مصائب اور سانحات سے گزرتی رہی ہے۔ دشمنانِ اسلام کی سازشیں ہمیشہ مسلمانوں کے دلوں کو زخمی کرتی رہی ہیں

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، ممبئی کی خوجہ مسجد میں جمعہ کے خطبے سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید احمد علی عابدی نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وصال کے بعد سے آج تک امتِ مسلمہ مختلف مصائب اور سانحات سے گزرتی رہی ہے۔ دشمنانِ اسلام کی سازشیں ہمیشہ مسلمانوں کے دلوں کو زخمی کرتی رہی ہیں اور انہی دردناک واقعات میں رہبر معظم انقلاب اسلامی ایران شہید آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی شہادت بھی ایک عظیم سانحہ ہے جس کا غم آج بھی اہلِ ایمان کے دلوں میں تازہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس صدمے کے لیے ہمارے دل اور حواس تیار نہیں تھے، لیکن شہادت دراصل ایک عظیم الٰہی مقام ہے۔ روایت میں آتا ہے کہ امیرالمؤمنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام نے ایک موقع پر رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عرض کیا کہ انہیں شہادت کیوں نصیب نہیں ہوئی، تو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ انہیں ضرور شہادت کا عظیم درجہ عطا فرمائے گا۔

آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی کے وکیل نے کہا کہ شہادت وہ بلند مقام ہے جس کی تمنا ایک سچا مومن ہر روز کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایسی امت میں پیدا کیا ہے جو موت سے خوف زدہ نہیں ہوتی بلکہ راہِ خدا میں شہادت کو اپنے لیے سعادت سمجھتی ہے۔ مومنین اپنی دعاؤں میں ہمیشہ یہ دعا کرتے ہیں کہ انہیں امامِ وقت کے مددگاروں اور ان کے سامنے شہادت پانے والوں میں شامل کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ میں یہ بھی ملتا ہے کہ امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کے بارے میں رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا تھا کہ آپ کو بدترین انسان شہید کرے گا۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ بعض اوقات عظیم ترین ہستیاں بدترین انسانوں کے ہاتھوں شہادت پاتی ہیں اور یہی بات اس شہادت کی عظمت کو مزید نمایاں کرتی ہے۔

امام جمعہ ممبئی نے کہا کہ ہمیں ایسے حالات میں صبر اور بصیرت کے ساتھ زندگی گزارنی چاہیے اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرنی چاہیے کہ وہ شہیدِ امت کے درجات بلند فرمائے، ملتِ ایران کو کامیابی عطا کرے اور دشمنانِ اسلام کو ذلیل و خوار کرے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح تاریخ میں بدر، احد، خندق اور خیبر میں دشمنانِ دین کو شکست ہوئی، اسی طرح آج بھی حق کو کامیابی نصیب ہوگی۔

مولانا سید احمد علی عابدی نے مزید کہا کہ اسلامی تعلیمات میں دعاؤں کی بہت اہمیت ہے اور دعاؤں میں ظالموں کے زوال اور حق کی نصرت کا بار بار ذکر کیا گیا ہے۔ اگر انسان اخلاص کے ساتھ دعا کرے تو اللہ تعالیٰ ضرور اسے قبول فرماتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا خدا وہ ہے جو بڑے بڑے ظالموں کو گرا دیتا ہے اور کمزوروں کو بلند مقام عطا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جب فرعون اپنی طاقت کے عروج پر تھا تو اللہ تعالیٰ نے اسے غرق کر دیا اور حضرت موسیٰ علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں کو نجات عطا فرمائی۔ یہی سنتِ الٰہی آج بھی جاری ہے اور ظالم چاہے کتنے ہی طاقتور کیوں نہ ہوں، بالآخر شکست ان کا مقدر بنتی ہے۔

امام جمعہ ممبئی نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ اہلِ ایمان کو ہرگز مایوس نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ اللہ تعالیٰ کا وعدہ ہے کہ آخرکار حق کو کامیابی اور ظلم کو شکست نصیب ہوگی، اور ایک دن دنیا میں عدل و انصاف کا نظام قائم ہوگا اور اہلِ بیت علیہم السلام کا پرچم سربلند ہوگا۔
 

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha