25 دسمبر 2025 - 19:41
قائد اعظمؒ کے افکار پر عمل سے ہی پاکستان کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکتا ہے، علامہ ساجد علی نقوی

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد علی نقوی نے بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ ولادت کے موقع پر کہا ہے کہ قائد اعظمؒ کے افکار و تعلیمات کو عملی شکل دیے بغیر پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنا ممکن نہیں، اور ملک کے روشن مستقبل کے لیے پوری قوم کو متحد ہو کر پرامن جدوجہد کرنا ہوگی۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد علی نقوی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ بانیٔ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے جس آزاد، خودمختار اور نظریاتی ریاست کے قیام کے لیے انتھک محنت، دیانت داری اور سیاسی بصیرت سے جدوجہد کی، آج اس ریاست کی سلامتی، استحکام اور بقا کی ذمہ داری صرف حکومت پر نہیں بلکہ ہر شہری پر عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں طویل عرصے سے طبقاتی تفاوت، عدم مساوات اور عدل و انصاف کے فقدان جیسے سنگین مسائل جڑ پکڑ چکے ہیں، جن کی بنیادی وجہ ناقص طرزِ حکمرانی، غیر سنجیدہ پالیسیاں اور حکمرانوں کی جانب سے اپنے آئینی و اخلاقی فرائض سے غفلت ہے، جس کا خمیازہ عام آدمی کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

علامہ ساجد علی نقوی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو داخلی طور پر مضبوط، مستحکم اور خوشحال بنانے کے لیے ضروری ہے کہ قائد اعظمؒ کے افکار و تعلیمات پر خلوصِ نیت سے عمل درآمد کیا جائے، ریاستی نظام کو عادلانہ اور شفاف بنایا جائے، قانون کی بالادستی قائم کی جائے اور عوام کے بنیادی حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد، باہمی رواداری، پرامن جدوجہد اور اجتماعی ذمہ داری کا شعور ہی وہ راستہ ہے جس پر چل کر پاکستان کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکتا ہے اور بانیٔ پاکستان کے خواب کے مطابق ایک مضبوط، باوقار اور خوددار ریاست کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha