25 دسمبر 2025 - 16:29
علامہ باقر عباس زیدی کا یوم ولادت حضرت عیسیٰؑ اور قائد اعظمؒ پر پیغام مبارکباد

مسیحی برادری ہمارے بھائی ہیں، قائد اعظمؒ کے افکار پر عمل سے طبقاتی نظام کا خاتمہ اور حقیقی تبدیلی ممکن

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق،  یوم ولادت حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور محسن ملت بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی یوم پیدائش پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ پیغمبر خدا حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات پر عمل کر کے ہم دنیا بھر میں امن اور محبت کی شمع روشن کر سکتے ہیں۔

دنیا میں جابرانہ نظام کے خلاف عملی جدوجہد کے لیے انبیاء علیہم السلام کی زندگیاں ہمارے لیے نمونہ عمل ہے۔

تمام انبیاء کرامؑ نے اپنی زندگیاں ظلم اور ظالمانہ نظام کے خلاف جدوجہد اور خدائے بزرگ و برتر کے حقیقی پیغام کو بنی نوع انسان تک پہنچانے کے لیے وقف کیں۔

آج کی ظالم قوتوں کے خلاف اور مظلومین جہاں کی حمایت میں آواز بلند کرنے والے ہی انبیاء کرامؑ کے حقیقی پیروکار ہیں۔

مسیحی برادری وطن عزیز میں بسنے والے ہمارے بھائی ہیں، اور یوم ولادت پیغمبر خدا حضرت عیسیٰؑ کی پرمسرت خوشیوں میں ہم ان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔

پیغمبر خدا حضرت عیسیٰؑ پر ایمان کے بغیر کسی بھی مسلمان کا ایمان مکمل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمران اور سیاسی اشرافیہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے افکار و نظریات سے کوسوں دور ہیں۔

ان کا یوم ولادت ہمیں آزادی، خودداری، آئین کی بالادستی اور اصولوں پر مبنی سیاست کی یاد دلاتا ہے۔

قائد اعظمؒ کی پوری جدوجہد ایمان، اتحاد اور تنظیم کے سنہری اصولوں کے گرد گھومتی ہے۔

انہوں نے ہمیں یہ سبق دیا کہ قانون کی حکمرانی، دیانت داری، برداشت اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہی ایک مضبوط ریاست کی بنیاد ہوتے ہیں۔

آج ملک کو جن سیاسی، معاشی اور سماجی چیلنجز کا سامنا ہے، ان سے نکلنے کا واحد راستہ قائد اعظمؒ کے افکار اور تعلیمات پر خلوص نیت سے عمل کرنا ہے۔

آج کے دن قوم کو عہد کرنا ہوگا کہ ہم وطن عزیز سے اس طبقاتی نظام کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کر کے پاکستان کو قائدؒ اور اقبالؒ کے افکار و نظریات کے مطابق ایک اسلامی جمہوری ریاست بنانے میں عملی جدوجہد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عدل و انصاف پر مبنی نظام مملکت کے بغیر معاشرتی تفریق اور انتہاپسندی کا خاتمہ ممکن نہیں۔

موجودہ حکمران اور سیاسی اشرافیہ کی یہ کوشش ہے کہ اس فرسودہ طبقاتی نظام کے ذریعے ملکی وسائل اور عوام پر مسلط رہے۔

وقت آن پہنچا ہے کہ وطن عزیز پر مسلط خاندانی و موروثی سیاست کا خاتمہ کر کے صالح، باکردار اور تعلیم یافتہ لوگوں کو منتخب کر کے ملک میں حقیقی تبدیلی کا آغاز کرے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha