17 دسمبر 2025 - 17:37
غزہ کے 7 ہزار متاثرہ فلسطینی خاندانوں کے لیے الخدمت کی 38ویں امدادی کھیپ روانہ

الخدمت فاؤنڈیشن نے غزہ کے متاثرہ اور بے گھر فلسطینی خاندانوں کی مدد کے لیے 100 ٹن امدادی سامان پر مشتمل اپنی 38ویں کھیپ لاہور سے مصر روانہ کر دی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، صدر الخدمت فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے غزہ کے متاثرہ فلسطینی خاندانوں کے لیے امدادی سامان کی 38ویں کھیپ مصر کے العریش ایئرپورٹ روانہ کی۔
اس کھیپ میں تقریباً 100 ٹن امدادی سامان شامل ہے، جس میں متاثرہ اور بے گھر خاندانوں اور بچوں کے لیے فیملی پیکس، گرم ملبوسات، کمبل، ترپالیں اور حفظانِ صحت کی کٹس شامل ہیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے مطابق، مصر پہنچنے کے بعد یہ امدادی سامان مصری ریڈ کریسنٹ کے ذریعے فوری طور پر غزہ کے اندر متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
ادارے کا کہنا ہے کہ فلسطینی عوام کی مسلسل مدد کے لیے جاری کوششوں کے تحت اب تک مجموعی طور پر 5 ہزار 633 ٹن امدادی سامان غزہ بھجوایا جا چکا ہے۔
اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر سید احسان اللہ وقاص، حکومتِ پاکستان اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha