اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، دو سال کے وقفے کے بعد عیدِ میلادِ مسیحؑ کی تقریبات دوبارہ مقبوضہ بیت المقدس اور بیتلحم میں منعقد ہو رہی ہیں۔ فلسطین کے مقامی باشندے اور دنیا بھر سے آنے والے مسیحی ان دنوں اس مقدس موقع کی روایتی تقریبات میں شرکت کی تیاری کر رہے ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق، مقبوضہ بیت المقدس کی رہائشی “اُمِ حنّا” نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران غزہ پر صہیونی حملوں کے باعث وہ اپنے گھر میں کرسمس کی تقریبات منعقد نہیں کر سکیں، تاہم اس سال انہوں نے ایک نیا کرسمس ٹری خریدا ہے اور اپنے بچوں کے ساتھ یہ تہوار منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ بیتلحم میں چرچ آف نیٹیوٹی اور مرکزی چوک میں ہونے والی تقریبات میں بھی شرکت کا ارادہ رکھتی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، بیتلحم میں چرچ آف نیٹیوٹی کے چوک میں کرسمس ٹری روشن کرنے کی تقریب 6 دسمبر کو منعقد کی گئی، جبکہ مقبوضہ بیت المقدس کے پرانے شہر میں پیر کی شب کرسمس ٹری روشن کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
اسی طرح 24 دسمبر کو کلیسائی جلوس “باب الخلیل” سے بیتلحم کی جانب روانہ ہوگا۔ دو سال کے وقفے کے بعد اس جلوس میں 27 رسمی اور ثقافتی گروپ شریک ہوں گے جو چرچ آف نیٹیوٹی کے چوک میں نئی مذہبی دھنوں اور ترانوں کے ذریعے تقریبات کو چار چاند لگائیں گے۔
فلسطینی وزارتِ سیاحت و آثارِ قدیمہ کے سرکاری ترجمان جریس قمصیہ نے کہا ہے کہ کرسمس کی تقریبات کا دوبارہ انعقاد دنیا کو یہ پیغام دینے کے لیے ہے کہ فلسطینی قوم تمام مشکلات کے باوجود ققنوس کی طرح راکھ سے دوبارہ اٹھ کھڑی ہوئی ہے اور وہ پوری انسانیت کے لیے انصاف، محبت اور امن کا پیغام لے کر آگے بڑھ رہی ہے۔
آپ کا تبصرہ