13 دسمبر 2025 - 14:53
مآخذ: ابنا
سابق بھارتی سپریم کورٹ کے جج کی حضرت فاطمہ الزہراءؑ کی ولادت پر مسلمانوں کو  مبارکباد

سابق بھارتی سپریم کورٹ کے جج اور معروف دانشور مارکنڈے کٹجو نے حضرت فاطمہ الزہراءؑ کی ولادت باسعادت کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔

سابق بھارتی سپریم کورٹ کے جج کی حضرت فاطمہ الزہراءؑ کی ولادت پر مسلمانوں کو  مبارکباد

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، سابق بھارتی سپریم کورٹ کے جج اور معروف دانشور مارکنڈے کٹجو نے حضرت فاطمہ الزہراءؑ کی ولادت باسعادت کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے یہ پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کیا جس میں حضرت فاطمہؑ کے بلند مقام اور رسولِ اکرم ﷺ کی جانب سے اپنی صاحبزادی کے لیے غیر معمولی محبت و احترام کو اجاگر کیا گیا۔

اپنے پیغام میں مارکنڈے کٹجو نے رسولِ اکرم ﷺ کا ایک قول نقل کیا:فاطمہؑ میرا حصہ ہیں، جس نے انہیں اذیت دی اس نے مجھے اذیت دی، اور جس نے انہیں خوش کیا اس نے مجھے خوش کیا۔”

انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ نبی اکرم ﷺ حضرت فاطمہؑ کے کمرے میں داخل ہونے پر احتراماً کھڑے ہو جاتے تھے، جو اسلامی تاریخ میں ان کے عظیم مرتبے کی واضح دلیل ہے۔

کٹجو نے حضرت فاطمہؑ کے معروف لقب “اُمِّ ابیہا” (اپنے والد کی ماں) کا حوالہ بھی دیا، جو رسولِ خدا ﷺ کے ساتھ ان کے گہرے اور محبت بھرے تعلق کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حضرت فاطمہؑ کی شادی حضرت علیؑ سے ہوئی، جو اسلام کے چوتھے خلیفہ مانے جاتے ہیں، جبکہ ان کے فرزند امام حسنؑ اور امام حسینؑ تمام اسلامی مسالک میں عظیم اور قابلِ احترام شخصیات ہیں۔

مارکنڈے کٹجو کا یہ پیغام حضرت فاطمہ الزہراءؑ کی ولادت کے موقع پر مسلم اُمت کے لیے خیرسگالی اور احترام کے جذبے کا اظہار قرار دیا جا رہا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha