اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، رپورٹ کے مطابق خوفناک دھماکے حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد کے لغاری گوٹھ میں آتشبازی کے کارخانے میں ہوئے۔
دھماکے سے کارخانہ مکمل تباہ ہوگیا جب کہ خوفناک آگ بھڑک اٹھی، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی، ریسکیو حکام کے مطابق اب تک 3 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ5 افراد زخمی ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر ایک گھر میں پٹاخے بنانے کی فیکٹری بنائی گئی تھی، پٹاخے ایک کمرے میں بنائے جا رہے تھے، جو تباہ ہو گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا حیدرآباد فیکٹری دھماکے کا نوٹس
وزیراعلیٰ سندھ نے حیدرآباد فیکٹری دھماکے کا نوٹس لیا اور کہا کہ زخمی مزدوروں کو فوری اور بہترین طبی امداد دی جائے۔
ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ نے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی، کمشنر و ڈی سی حیدرآباد سے فوری حقائق نامہ طلب کرتے ہوئے فیکٹری میں حفاظتی انتظامات کا مکمل آڈٹ کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ دھماکے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، مزدوروں کے تحفظ میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیر داخلہ سندھ نے ایس ایس پی حیدر آباد سے ابتدائی رپورٹ طلب کر لی
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ ایس ایس پی حیدرآباد فی الفور ابتدائی کارروائی پر مشتمل تفصیلات سے آگاہ کریں، چیک کیا جائے کہ فیکٹری کے پاس لائسنس تھا۔
ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ پٹاخوں کی فیکٹری اگر قانون کے برخلاف کام کر رہی ہے تو مالک و دیگر ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ لائسنس کی موجودگی اور تصدیق کے لئے متعلقہ مجاز اتھارٹی سے تصدیق کرائی جائے، تفتیش سے متعلق جملہ ضروری اقدامات سے آگاہ رکھا جائے۔
آپ کا تبصرہ