13 ستمبر 2025 - 15:32
پختونخوا: فورسز کے آپریشنز میں فتنہ الہندوستان کے 35 دہشتگرد ہلاک، 12 جوان شہید

ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا: آئی ایس پی آر۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان کے 35 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ کارروائیوں کے دوران 12 جوانوں نے جام شہادت بھی نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 10 سے 13 ستمبر تک خیبر پختونخوا میں 2 مختلف آپریشنز کیے جس میں خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشنز میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 35 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فورسز نے باجوڑ میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 22 خوارج مارے گئے۔

سکیورٹی فورسز نے خوارج کے خلاف وزیرستان میں بھی کارروائی کی جس میں 13 مزید خوارج کو ہلاک کیا گیا، ہلاک خوارج متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں مادر وطن کے 12 بہادر جوان بھی شہید ہوئے۔

پاکستان کیخلاف افغان سرزمین کا استعمال بدستور باعث تشویش ہے: آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا بتانا ہے کہ انٹیلی جنس رپورٹس میں گھناؤنے عمل میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، فتنہ الخوارج کا پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کا استعمال بدستور شدید تشویش کا باعث ہے،  پاکستان توقع کرتا ہےکہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرےگی۔

آئی ایس پی آر نے توقع ظاہر کی ہے کہ افغانستان اپنی سرزمین کوپاکستان مخالف دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گا،  علاقے میں موجود کسی بھی بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے خاتمے کے لیےکلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز  ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔