31 اگست 2025 - 19:26
پاکستان اور آرمینیا کے درمیان سفارتی تعلقات قائم

دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد پر کاربند رہنے کےعزم کا اظہار کیا، دفترخارجہ

 اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، پاکستان اور آرمینیا کے درمیان باقاعدہ طور پر سفارتی تعلقات قائم کرلیے گئے ہیں اور اس سلسلے میں مشترکہ دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔

چین کے شہر تیانجن سے ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے آرمینیا کے وزیرخارجہ ارارات میرزویان کے ساتھ باقاعدہ مشترکہ دستاویزات کا تبادلہ کیا اور اس کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہوگئے ہیں۔

دفترخارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے تاریخی قدم بڑھاتے ہوئے اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد پر کاربند رہنے کے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے معیشت، تعلیم، ثقافت اور سیاحت سمیت تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے دونوں ممالک کے عوام کے لیے امن کے مشترکہ اہداف، ترقی اوراستحکام کے حصول کے لیے دوطرفہ اور کثیرالقومی فورمز میں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

سفارتی ذرائع نے بتایا کہ دونوں ممالک آئندہ چند ہفتے میں ایک دوسرے سے سفارتی تعلقات قائم کر لیں گے اور دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان پہلی باضابطہ ملاقات متوقع ہے، جو تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم ہیڈز آف اسٹیٹ کونسل اجلاس کے موقع پر ہو گی۔

سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات دونوں ممالک کی خارجہ پالیسی میں ایک بڑا موڑ ہو گی، دونوں ممالک سفارتی تعلقات قائم کرنے کے لیے پرعزم اور مثبت رویے میں ہیں اور دونوں ممالک فاسٹ ٹریک پر ایک دوسرے سے سفارتی تعلقات کے قیام کی کوشیش کر رہے ہیں۔

سفارتی ذرائع نے کہا کہ پاکستان نے آرمینیا سے سفارتی تعلقات کے قیام پر پیش رفت سے قبل آذربائیجان اور ترکیے کو خصوصی طور پر اعتماد میں لیا ہے، اس کے علاوہ روس اور ایران کو بھی معاملے پر اعتماد میں لیا گیا ہے۔

سفارتی ذرائع نے بتایا کہ نگورنو-کاراباخ کے مسئلے کے حل کے بعد آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن معاہدہ اور سفارتی تعلقات نہایت بہتر ہوئے ہیں، پاکستان نے ہمیشہ سے آذربائیجان کا ساتھ دیا ہے۔

سفارتی ذرائع نے مزید بتایا کہ نگورنو-کاراباخ مسئلے کے حل کے بعد آذربائیجان سے مشاورت کے بعد پاک- آرمینیا سفارتی تعلقات کے قیام میں پیش رفت جاری ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha