20 اگست 2025 - 16:24
وزیراعظم کا فیلڈ مارشل کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، 'غیرقانونی قبضے، ٹمبر مافیا اور مائننگ سرگرمیوں کو نقصان کی وجہ قرار دیدیا'

وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈمارشل عاصم منیر نے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق   وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈمارشل عاصم منیر سب سے پہلے سوات پہنچنے جہاں وفاقی وزیر امیرمقام نے دونوں کا استقبال کیا جبکہ وفاقی وزراء عطاء تارڑ، امیر مقام اور احسن اقبال بھی وزیراعظم کے ساتھ ہیں۔ 

حکام کا بتانا ہے کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے سوات کے بعد بونیر  بونیر،شانگلہ اور صوابی کا دورہ کیا جہاں انہیں کے پی میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا اور  ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ  وزیر اعظم اور شرکاء نے جاں بحق افراد کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت اور پاک فوج متاثرین کی بحالی کےلیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

وزیراعظم نےقبضہ مافیا، لکڑی مافیا اور کان کنی کی سرگرمیوں میں خلاف ورزیوں پر توجہ دلائی اور ہدایت کی کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری اور بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ غیرقانونی قبضے، ٹمبر مافیا اور مائننگ سرگرمیاں بڑے نقصان کی وجہ ہیں، پاکستان کو سخت ریاست بننا ہوگا، ایسی سخت ریاست جہاں قانون سب پر یکساں لاگو ہو اور کسی کو استثنیٰ نہ دیا جائے، کسی کو قانون سے بالاتر نہیں ہونے دیں گے۔ 

اعلامیے کے مطابق آرمی چیف عاصم منیر نے بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعینات افواج، پولیس اور سول انتظامیہ سے ملاقات کی اور اہلکاروں کی بے لوث خدمات کو سراہا۔

آرمی چیف نے کہا  کہ سیلاب متاثرین کی مدد اولین ترجیح ہے، کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کو انتہائی جذبے اور محنت کے ساتھ جاری رکھا جائے ، متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کم کی جائیں۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ فورسز اور سول ادارے اپنی انتھک خدمات جاری رکھیں، شہریوں کی جانوں کا تحفظ اور ان کی امداد اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

خیال رہے کہ خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے اب تک 350 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں 228 کا تعلق بونیر سے ہے۔

دوسری جانب این ڈی ایم اے کی جانب سے خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سامان کی ترسیل جاری ہے۔ 

 این ڈی ایم اے کے مطابق آج صبح باجوڑ اور مانسہرہ کے لیے دو الگ الگ امدادی کھیپیں روانہ کی گئیں جن میں خیمے،کمبل، جنریٹر، ڈی واٹرنگ پمپس، راشن بیگز اور ادویات شامل ہیں۔ 

این ڈی ایم اے مطابق امدادی سامان سیلاب متاثرین میں تقسیم کے لیے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے حوالے کیا جائے گا، این ڈی ایم اے، مسلح افواج اور فلاحی اداروں کے تعاون سے کے پی اورگلگت بلتستان کے لیے امدادی سامان روانہ کر رہا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha