سکیورٹی فورسز نے دو دہشت گردوں کو گھیرے میں لے رکھا ہے ۔آئی ایس پی آر سے ملنے تازہ اطلاعات کے مطابق سکیورٹی فورسز نے جی ایچ کیو سکیورٹی بلڈنگ میں حملہ آوروں کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔ حکام کے مطابق ملزمان کی تعداد دو سے زائد ہے اور انہوں نے متعدد اہلکاروں کو یرغمال بنارکھا ہے۔ ہفتہ کی صبح ساڑھے گیارہ بجے کے قریب فوجی وردی میں ملبوس دہشت گردوں نے ایک پک اپ میں جی ایچ کیو میں داخل ہونے کی کوشش کی ۔ دہشت گردوں نے مال روڈ کی جانب گیٹ نمبر ایک پر داخل ہونے کوشش کی اور چیک پوسٹ نمبرایک پر پہنچ گئے جہاں انہوں نے سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے بعد دہشت گردوں نے گاڑی سے اتر کر پوزیشن سنبھال لی اور فائرنگ کرتے رہے، جس کے بعد سکیورٹی اہلکاروں اور کمانڈوز نے جی ایچ کیو کے ارد گرد تمام علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور پوزیشنیں سنبھال لیں۔ سکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دو دہشت گرد فرار ہوگئے۔ دہشت گردوں کی نشاندہی کے لئے آرمی کے ہیلی کاپٹر بھی فضا میں گشت کرتے رہے ۔ جی ایچ کیو کے اردگرد فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ کمانڈوز نے ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی لاشیں تحویل میں لے کر وہاں سے منتقل کردی ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل اطہر عباس نے حملے میں چار دہشت گردوں کے ہلاک اوردو افسران بریگیڈیئر انوار اور لیفٹیننٹ کرنل وسیم سمیت چھ سکیورٹی اہلکاروں کے شہید ہونے کی تصدیق کی ہے۔ جی ایچ کیو کے قریب دہشت گردوں کے حملے کے بعد وہان جانے والے تمام راستے بھی بند ہیں۔
15 جون 2009 - 19:30
News ID: 169067
ڈی جی آئی ایس پی آر نے حملے میں چار دہشت گردوں کے ہلاک اوردو افسران بریگیڈیئر انوار اور لیفٹیننٹ کرنل وسیم سمیت چھ سکیورٹی اہلکاروں کے جان بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔