15 جون 2009 - 19:30

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرڈاکٹراحمدی نژاد نے کہا ہے کہ ایران کےپرامن ایٹمی پروگرام کاجائزہ صرف ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی ہی لے سکتی ہے ۔

صدراحمدی نژآد نے آج نیویارک میں ایک پریس کانفرنس میں مغربی حکام کے رویے اور موقف میں تبدیلی کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ ایٹمی ہتھیاربنانے کی مخالفت کا دعوی کرنےوالی حکومتوں کو پہلے اپناایٹمی ہتھیار تباہ کرناچاہئے۔ احمدی نژاد نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ایٹمی ہتھیاروں کے حصول کے درپے نہيں ہے اوراس کاموقف ہے کہ پوری دنیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک ہوناچاہئے ۔ ایران کے صدرمملکت جناب احمدی نژاد نےایران ميں دورمار میزائلوں کی تیاری کی  طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی وسائل کو مضبوط بنانا تمام ملکوں کا مسلمہ حق  ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کی دفاعی پالیسی محض دفاعی نوعیت کی ہے  ۔ ڈاکٹراحمدی نژاد نے ھولوکاسٹ پر بحث کے بارے میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دوسری عالمی جنگ میں ہونےوالے والے تمام جرائم کامخالف ہے اوران کی مذمت کرتا ہے  ؛ لیکن دوسروں کے جرائم کا تاوان فلسطینی عوام کیوں اداکریں؟اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے عراق اور افغانستان میں قیام امن کیلئے مغرب کے ساتھ تعاون  کے سلسلے میں کہا کہ ایران علاقے میں قیام امن میں مدد دینے کےلئے تیار ہے لیکن علاقے کے مسائل کو فوجی طاقت سے حل نہیں کیا جاسکتا بلکہ معاشی وثقافتی ترقی سے ہی علاقے میں امن قائم کیاجاسکتا ہے۔ صدر احمدی نژاد نے باراک اوباما کی پالیسیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو تبدیلی کی ضرورت ہے اور ہمیں امید ہے کہ باراک اوباما تبدیلی کی جانب قدم اٹھائيں گے اور امریکہ کی سابقہ غلط پالیسیوں کی اصلاح کریں گے۔