5 ستمبر 2016 - 11:16
اقوام متحدہ: ایران نے سب سے زیادہ پناہ گزینوں کی میزبانی کی

اقوام متحدہ میں انسان دوستانہ امور کے شعبے کے سربراہ نے کہا ہے اسلامی جمہوریہ ایران نے دنیا میں سب سے زیادہ پناہ گزینوں کی میزبانی کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسٹیفین اوبرائن نے اتوار کو تہران میں ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی سے ملاقات کی اور افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے پر ایران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں تیس لاکھ افغاں پناہ گزینوں کی میزبانی ایک تاریخی اور عظیم میزبانی ہے۔

اسٹیفین اوبرائن نے ایران کے شمالی علاقوں میں حالیہ طوفان اور سیلابوں میں چار افراد کے مارے جانے پر تعزیت پیش کی اور کہا کہ ایران قدرتی حوادث اور بحرانوں سے نمٹنے کے اچھے تجربے رکھتا ہے اور وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ عالمی براداری کو ایران کے ان تجربوں سے استفادہ کرنا چاہیے۔

اس ملاقات میں رحمانی فضلی نے کہا کہ بحران کو دراصل عوام ہی کنٹرول کرتے ہیں اور یہ ذمہ داری دراصل ان ہی کے کندھوں پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ امدادی تنطیموں کی ذمہ داری پہلے مرحلے میں قدرتی حادثات کی پیش گوئی کرنا ہے، پھر حادثوں کو روکنا، تیزی سے عمل کرنا اور موقع پر امداد پہنچانا ہے۔ انہوں نے گرد وغبار کو علاقے کا ایک بڑا مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ اس بحران کو حل کرنے کے لئے تمام ملکوں کا تعاون ضروری ہے۔

.......

/169