1 ستمبر 2016 - 13:01
تہران میں ایران ، ہندوستان اور افغانستان کا سہ فریقی اجلاس

ایران افغانستان اور ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ڈائرکٹرز جنرل نےباہمی دلچسپی کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تینوں ملکوں کی وزارت خارجہ کے ڈائرکٹرزجنرل کی سطح پر ہونے والے اس دوسرے اجلاس میں جو تہران میں منعقد ہوا سیاسی، اقتصادی تعاون اور نزانزیٹ کے مسائل نیز ثقافتی امور پر بات چیت ہوئی ۔ وزارت خارجہ کے ڈائرکٹوریٹ آف ڈپلومیسی کی رپورٹ کے مطابق اس نشست میں جو بدھ کو منعقد ہوئی علاقے اور افغانستان کے حالات کا جائزہ لیا گیا۔ تینوں ملکوں نے باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ اس نشست میں ایران افغانستان اور ہندوستان نے دہشتگردی اور انتہا پسندی سے مقابلے کی ضرورت پر بھی تاکید کی ۔اس اجلاس میں چابہار بندرگاہ کے راستے ایران سے افغانستان و ہندوستان کے لئے ٹرانزیٹ روٹ قائم کئے جانے کے سلسلے میں طے شدہ سمجھوتے کے بارے میں اتفاق کیا گیا ہے کہ چابہار بندرگاہ کو استعمال کرنے کی تیاری کرنے کے لئے متعلقہ ماہرین اور تجارت و صنعت کے نمائندوں کے اجلاس ہوں گے اور ان نشستوں کے نتائج کابل میں ایران ہندوستان اور افغانستان کی وزارت خارجہ کے ڈائرکٹرز جنرل کے اجلاس میں پیش کئےجائیں گے اور ان کا جائزہ لیاجائے گا۔ ایران، ہندوستان اور افغانستان کی وزارت خارجہ کے ڈائرکٹرز جنرل نے قلب ایشیا ۔ استنبول کے تحت ممکنہ تعاون کا بھی جائزہ لیا ۔ ایران ہندوستان اور افغانستان کی وزارت خارجہ کے ڈائرکٹرز جنرل کی پہلی نشست نئی دہلی میں منعقد ہوئی تھی ۔

.......

/169