اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اعلی ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ دہشتگردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والے ممالک کے خلاف کاروائی عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے. یہ بات بهارت کے دورے پر آنے والے اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری ایڈمرل 'علی شمخانی' نے ہفتے کے روز اپنے بهارتی ہم منصب 'اجیت دوول' کے ساته وفود کی سطح پہ ملاقات کرتے ہوئے کہی.
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دہشتگرد گروہوں اور انتہا پسندوں نے علاقائی امن و استحکام کو شدید خطرات سے دوچار کیا ہے.
ایران،بهارت تعلقات کے فروغ کی ضرورت کا ذکر کرتے ہوئے ایڈمرل شمخانی نے کہا کہ بعض علاقائی اور عالمی طاقتیں دونوں ممالک کے گہرے تعلقات سے خوش نہیں لہذا ایران اور بهارت کو ایک دوسرے کے خلاف مشترکہ سازشیں اور خطرات سے ہوشیار رہنے ہوں گے.
انہوں نے علاقائی سیاسی اور سیکورٹی مسائل کے حل کے مقصد سے تہران، نئی دہلی، ماسکو کے سہ فریقی مشاورتی اجلاس کی بحالی پر زور دیا اور مزید کہا کہ ایران اور بهارت کے درمیان دفاعی تعاون کی توسیع کے لئے مشترکہ کمیٹیوں کی بحالی کی ضرورت ہے.
علی شمخانی نے دونوں ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلوں اور سائبر سائنس شعبے میں تعاون بڑهانے پر زور دیا.
ایرانی بندرگارہ چابہار منصوبے کے حوالے سے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چابہار بندرگاہ کی قابلیتوں کو بروئے کار لانے سے علاقائی تعاون کو مزید بڑهانے میں مدد ملے گی.
کشمیر کی صورتحال پر ایڈمرل شمخانی نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر میں ہونے والے واقعات پر بهارتی حکومت صبر اور تحمل کا مظاہرہ کرے.
انہوں نے مزید کہا کہ بهارتی حکومت کشمیری عوام کے لئے امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے اور کشمیر میں امتیازی سلوک اور پابندیوں کے خاتمے سے موجودہ بحران کا خاتمہ کرے.
اس موقع پر بهارتی مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ ان کا ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساته مشترکہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لئے پُرعزم ہیں اور اس حوالے سے بهارت ایران کے ساته توانائی اور سائبر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لئے تیار ہے.
انہوں نے کہا کہ بهارتی حکومت سیکورٹی،سیاسی اور اقتصادی شعبوں میں مشترکہ تعاون کے لئے ایران،بهارت،روس کے سہ فریقی مذاکرات کا خیرمقدم کرتی ہے.
گزشتہ روز ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ نے بهارتی وزیراعظم کے ساته ایک ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت، دہشتگردی کے مسائل، چابہار بندرگاہ منصوبہ اور علاقائی اور بین الاقوامی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا.
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲