21 اگست 2016 - 13:31
عراقی اسپیکر کی ایران کے وزیر خارجہ سے ملاقات

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور عراق کے اسپیکر سلیم الجبوری نے دوطرفہ تعلقات اور اہم ترین علاقائی و بین الاقوامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تہران میں عراق کے اسپیکر سلیم الجبوری سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے عراق میں پائے جانے والے سیاسی استحکام کو قابل تعریف بتایا۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں پائے جانے والے سیاسی استحکام میں تمام عراقی رہنماؤں خاص طور سے اسپیکر سلیم الجبوری نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ عراق دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے اور ایران ہر صورت میں عراقی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔محمد جواد ظریف نے کہا کہ خطے کے ملکوں کو باہمی تعاون کے فروغ پر اپنی توجہ مرکوز کر نا چاہیے۔ وزیر خارجہ نے یہ بات زور دیکر کہی کہ اسلامی جہموریہ ایران خطے میں جھڑپوں اور محاذ آرائی کا خواہاں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران خطے میں بیرونی طاقتوں کی پیدا کردہ کشیدگی کو علاقے کی اقوام کے لیے نقصان دہ سمجھتا ہے۔ عراق کے اسپیکر سلیم الجبوری نے اس ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران کی حمایت کا شکریہ ادار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اس وقت خطے کو لاحق سب سے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراق اور خطے کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کرنے کے لیے تمام ملکوں کو ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہوگا۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169