اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تہران میں عراق کے اسپیکر سلیم الجبوری سے بات چیت کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے کہا کہ عراق میں مذہبی اور نسلی اکائیوں کے درمیان اتحاد کو مضبوطر بنا کر دہشت گردوں کو شکست دی جاسکتی ہے۔ صدر حسن روحانی نے دہشت گردوں کے خلاف عراقی فوج اور عوام کی کامیابیوں پرخوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عراقی پارلیمنٹ کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں، عوام کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے قیام میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ صدر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے عراقی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ خطے کے بعض ممالک صیہونیت اور دیگر معاملات سے متاثر ہوکرغلط راستے پر چل رہے ہیں حالانکہ علاقے کی قومیں چاہتی ہیں کہ تمام ممالک مل کر رہیں اور علاقہ ترقی کی منازل طے کرتا رہے۔صدر ایران نے عراق کے ساتھ تمام شعبوں میں خاص طور سے اقتصادی میدان میں تعلقات کے فروغ کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا۔عراق کے اسپیکر سلیم الجبوری نے اس ملاقات میں کہاکہ بغداد تہران تعلقات کے فروغ سے نہ عراق میں امن کے قیام میں مدد ملے گی بلکہ خطے کے استحکام کو بھی تقویت ملے گی۔عراقی پارلیمنٹ کے سربراہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراقی فوج کی پیشرفت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس بات میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ یہ کامیابیاں ، عراقی عوام کے تمام طبقات ، خاص طور سے فوج، عوامی قوتوں اور قبائلیوں کے درمیان اتحاد کی مرہون منت ہیں۔
.......
/169