19 اگست 2016 - 06:58
شام کے بارے میں ایران اور ترکی کے ساتھ روس کے تعمیری مذاکرات

روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ شام کے بارے میں ایران اور ترکی کے ساتھ روس کے تعمیری مذاکرات جاری ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے جمعرات کو ماسکو میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام اور علاقے کے بحران کے حل کے لئے ایران، روس اور ترکی کے مذاکرات بہت زیادہ موثر اور اہمیت کے حامل ہیں۔ انھوں نے اس سلسلے میں امریکہ کے ساتھ بھی مذاکرات سے متعلق کہا کہ شام کے سلسلے میں روس اور امریکہ کی مشترکہ سرگرمیوں کا عمل، تقدیر ساز مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے شام کے مسئلے میں روس اور ترکی کے نظریات میں پائے جانے والے اختلافات کے بارے میں کہا کہ ان اختلافات کو ایک روز میں ختم نہیں کیا جاسکتا تاہم دونوں ملکوں کے درمیان جاری رابطوں سے کافی امیدیں پیدا ہوگئی ہیں۔

.......

/169