1 اگست 2016 - 15:00
بدنام زمانہ امریکی جاسوسی ادارے سی آئی اے کے سربراہ کے بیان پر ایران کی وزارت خارجہ کا سخت ردعمل

وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران کے بارے میں بدنام زمانہ امریکی جاسوسی ادارے سی آئی اے کے سربراہ کے حالیہ بیان کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے سی آئی اے کے سربراہ جان برینن کے اس بیان کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان بڑے پیمانے پر مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان ایٹمی معاملے کے سوا کسی بھی طرح کے مذاکرات ہوئے ہیں اور نہ ہورہے ہیں۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ جان برینن، اس پوزیشن میں نہیں ہیں کہ وہ ایران کے اندرونی معاملات کے بارے میں بے جا اور بے ربط بیان دیں۔ بہرام قاسمی نے کہا کہ امریکی حکام کے اس طرح کے بیانات، نفسیاتی حربہ ہیں جس کا مقصد ایرانی سماج میں تفریق پیدا کرنا ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے ایران کے عوام اور حکومت کے درمیان پائے جانے والے تعلق کو خطے اور دنیا کے لئے مثالی نمونہ قرار دیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران کے عوام پوری طرح ہوشیار ہیں اور وہ اس طرح کے گھسے پٹے اور خاص محرکات کے حامل بیانات کے جھانسے میں آنے والے نہیں ہیں۔ بہرام قاسمی نے واضح کیا کہ ایران کے عوام، مغربی جاسوسی اداروں کی خودساختہ دھڑے بندیوں سے قطع نظر قومی مفادات کی حمایت کرتے ہیں اور حکومت اورعوام کے درمیان اتحاد کو ثابت کرچکے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169