اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور حریت کانفرنس کے سینئر رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے قصبہ بڈگام کے گردونواح میں برآمد ہوئے پُرامن احتجاجی جلوسوں پر پولیس کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مہلک ہتھیاروں سے تشویش ناک حد تک زخمی ہوئے نوجوانوں سے یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ پیلیٹ گن سے شدید زخمی ہوئے مقصود احمد نجار اور ممتاز احمد میر ساکنان بڈگام کے ساتھ ساتھ جملہ مضروبین کی جلد شفایابی کی دعا کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ حکومت ہند واضح طور پر نہتے کشمیری عوام کے خلاف جنگ جاری رکھے ہوئے ہے، اور کشمیر پولیس پر ببلاوجہ انگلیاں نہیں اُٹھ رہی ہیں۔ آغا صاحب نے کہا کہ کشمیری عوام مبنی برحق خود ارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں اور بھارتی جمہوریت کو کشمیری قوم کی پُر امن آواز بھی گوارا نہیں۔ آغا صاحب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے تحریک دشمن عناصر سے خبردار رہے جو موجودہ عوامی تحریک کا رُخ موڑنے کیلئے فتنہ انگیز حرکات کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ دریں اثناءانجمن شرعی شیعیان کے ایک وفد نے کرگل کے مشہور عالم دین اور امام خمینیؒ ٹرسٹ کے بانی حجة الاسلام شیخ حسین ذاکری کے رسم کل میں شرکت کی۔ وفد میں آغا سید عابد حسین حسینی کے ہمراہ تنظیم کے کئی سرکردہ اراکین جن میں غلام محمد ناگو، شوکت حسین، سید اقبال شامل ہیں۔ وفد نے مرحوم شیخ حسین ذاکری کی دینی اور سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اورانجمن کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی طرف سے لواحقین کو نیک خواہشات اور تعزیت و تسلیت پیش کی۔ اس موقعہ پر وفد نے کرگل کے کئی معزز شخصیات سے ملاقات کی اور انہیں وادی کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲