26 جولائی 2016 - 15:04
شام میں دہشتگردوں کے قبضے سے کئی علاقے آزاد، شامی فوج کی بڑی کامیابی

حلب میں دہشت گردوں کے زیر کنٹرول علاقے میں شامی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق حلب کے شمالی علاقے میں شام کی مسلح افواج اورعوامی فورسز نے اپنی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے زیر قبضہ کئی علاقوں کو آزاد کرا لیا ہے۔

حلب کے شمالی علاقے میں واقع " کاسٹیلو" سیکٹر پر مکمل طور سے کنٹرول حاصل کرنے کے ساتھ ہی شام کی مسلح افواج اورعوامی فورسز نے دہشت گردوں کو اس علاقے سے پیچھے دھکیل دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کارروائی میں درجنوں دہشت گرد مارے گئے ہیں اور ان کی لاشیں علاقے میں بکھری پڑی ہیں۔

دفاعی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ فوجی اہمیت کے حامل اس علاقے پر شامی فوج کے کنٹرول کے بعد حلب کو ترکی کی سرحد سے ملانے والی ایک اہم ترین سپلائی لائن منقطع ہوگئی ہے۔

دفاعی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں موجود دہشت گردوں کے فوج کے محاصرے میں آنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

دوسری جانب مغربی حلب کے علاقے " الیرمون اسکوائر" کو بھی فوج نے اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ درایں اثنا" جبھۃ النصرہ" سے وابستہ دہشت گردوں نے ایک بار پھراپنی شکستوں کا بدلہ لینے کے لئے حلب اور دمشق کے نواح میں واقع رہائشی علاقوں پر راکٹ فائرکئے ہیں کہ جن کے سبب متعدد افراد شہید اور زخمی ہوگئے ہیں شہید اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔

دہشت گردوں کی جانب سے شہری آبادیوں کو نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں لوگوں کے گھروں اور بنیادی تنصیبات کو خاصا نقصان پہنچا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169