اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ترک وزیراعظم بن علی یلدرم کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 15 جولائی کی رات کو فوج کے ایک چھوٹے سے گروہ کی جانب سے بغاوت کی کوشش کی گئی جسے کچلنے کے لئے عوام نے اپنی زندگیاں داؤ پر لگا دیں، لوگ اپنے ملک اور جمہوریت کے لئے ٹینکوں کے آگے لیٹ گئے جب کہ فوجی اہلکاروں نے بھی جمہوریت کو بچانے کے لئے قربانیاں دیں، قربانیاں دینے والوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ترک وزیراعظم نے عوام سے قومی پرچم سڑکوں پر لہرانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 16 جولائی کو ہر سال یوم جمہوریت کے طور پر منایا جائے گا، عوام سے جمہوریت کی محبت کو نہیں چھینا جا سکتا۔
بن علی یلدرم کا کہنا تھا کہ فوجی بغاوت کے نتیجے میں مجموعی طور پر 161 افراد ہلاک اور 1440 زخمی ہوئے، شہریوں پر فائرنگ کرد باغیوں کے بصری گروپ نے کی، 2839 باغیوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے، باغیوں کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے گا اور انھیں سخت سزائیں دلوائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ترک فوج کے ایک چھوٹے سے باغی گروہ نے حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی، گن شپ ہیلی کاپٹرز کی مدد سے عوام پر فائرنگ کی گئی اور پارلیمنٹ و ایوان صدر کی عمارتوں پر بم حملے کئے گئے لیکن ترک صدر رجب طیب اردگان کی ایک اپیل پر لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور فوجی بغاوت کی کوشش ناکام بنادی۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169