13 جولائی 2016 - 12:33
ایران، تہران اور صوفیہ کے تعلقات کا نیا باب کھولنے کے لئے تیار ہے: صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، تہران اور صوفیہ کے تعلقات کا نیا باب کھولنے کے لئے تیار ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے پیر کے روز تہران میں بلغاریہ کے وزیر اعظم بویکو بوریسف Boyko BORISOV کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ ایران اور بلغاریہ کی قومیں دوطرفہ تعلقات میں فروغ کی خواہاں ہیں اور اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے حکام کی کوششوں سے حالات فراہم ہوئے ہیں- حسن روحانی نے کہا کہ بلغاریہ ایک دوست ملک کی حیثیت سے تمام میدانوں میں، یورپی ملکوں کے ساتھ ایران کے تعلقات میں رابطہ پل اور ایک دروازہ قرار پاسکتاہے-

صدر مملکت نے علاقے اور پوری دنیا پر دہشت گردی کے پڑنے والے انتہائی برے اور خطرناک اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں جھڑپوں کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب بعض ملکوں نے، علاقے کے داخلی معاملات میں مداخلت کرتے ہوئے ڈموکریسی اور دہشت گردی سے مقابلے جیسے کھوکھلے نعرے لگائے اور علاقے میں اختلافات اور قتل و دہشت گردی کی آگ بھڑکا دی- انہوں نے دہشت گردی سے مشترکہ مقابلے اور دوبارہ امن و امان کی برقراری کے لئے، علاقے کے تمام ملکوں کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے علاقے میں بیجا مداخلتیں کرکے غلطی کی لیکن اس وقت علاقے کے تمام عوام کو ان غلطیوں اور خطاؤں کا تاوان ادا کرنا پڑ رہا ہے-

بلغاریہ کے وزیر اعظم نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ بلغاریہ یورپی منڈیوں میں ایران کے داخل ہونے کے لئے دروازہ قرار پاسکتا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لئے حالات سازگار ہیں-

بلغاریہ کے وزیر اعظم نے کہا کہ ان کا ملک، یورپی منڈیوں میں ایرانی مصنوعات کے باآسانی پہنچنے کی غرض سے علاقے میں نئے کوریڈور کے قیام کے ل‏ئے کوشاں ہے-

واضح رہے کہ بلغاریہ کے وزیر ا‏عظم بویکو بوریسوف اتوار کی شام ایک اعلی رتبہ سیاسی، اقتصادی اور تجارتی وفد کے ہمراہ ایران کے سرکاری دورے پر تہران آئے تھے ۔

.......

/169