13 جولائی 2016 - 10:42
ایران اور قزاقستان کے وزرائے خارجہ کی ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران اور قزاقستان کے وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تاکید کی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے قزاقستان کے وزیر خارجہ ارلان ادریسوف کے ساتھ ملاقات میں، تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی تقویت پر زور دیا- واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ، بحیرۂ خزر کے پانچ ساحلی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے قزاقستان کے دورے پر ہیں-

جواد ظریف نے قزاقستان کے ساتھ باہمی تعاون کے فروغ کے لئے ایران کے حکام کی آمادگی پر تاکید کے ساتھ ہی بحیرہ خزر سے متعلق اجلاس کے نتیجہ بخش ہونے کے بارے میں امید ظاہر کی اور قزاقستان کی آزادی کی پچیسویں سالگرہ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں رکنیت پر مبارکباد پیش کی -

ارلان ادریسوف نے بھی آستانہ اور تہران کے تعلقات میں توسیع کی ضرورت پر زور دیا - قزاقستان کے وزیر خارجہ نے بھی بحیرۂ خزر کی قانونی حیثیت کے تعین کے کنوینشن کی تدوین کے لئےتعمیری مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا اور ساتھ ہی ایران کے ساتھ بینکنگ ، زراعت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں باہمی تعاون کے فروغ پر تاکید کی-

.......

/169