اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے پیر کو بلغاریہ کے وزیر اعظم بویکو بوریسوف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران اور بلغاریہ کے درمیان کافی تاریخی اور ثقافتی اشتراکات پائے جاتے ہیں اور دونوں ملکوں کے تعقات ہمیشہ اچھے رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ اعلی رتبہ سرکاری اور غیر سرکاری وفد کے ہمراہ بلغاریہ کے وزیر اعظم کا دورہ تہران اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ دونوں ملکوں کے حکام باہمی روابط میں فروغ کے لئے عملی اقدامات انجام دے رہے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر نے کہا کہ بلغاریہ کے وزیر اعظم اور ان کے ہمراہ دورہ تہران پر آنے والے وفد کے اراکین کے ساتھ بہت اچھے مذاکرات انجام پائے ۔ انھوں نے بتایا کہ ان مذاکرات میں تیل اور گیس، پیٹرکیمیکل ، نقل و حمل، اور صنعت و زراعت سمیت تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
نائب صدر اسحاق جہانگیری نے بتایا کہ ایران اور بلغاریہ کے درمیان روابط کے فروغ میں سہولتیں پیدا کرنے کے لئے ایک دستاویز پر بھی دستخط ہوئے ہیں ۔
ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان علاقائی مسائل، بالخصوص انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف مہم میں تعاون کی راہوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
انھوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی عزم و ارادہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ انتہا پسند گروہوں کے شر سے دنیا کو بہت جلد نجات مل جائے گی۔
بلغاریہ کے وزیر اعظم بویکو بوریسوف نے بھی اس پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ ان کی حکومت اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں روابط میں فروغ کے لئے پر عزم ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر کے ساتھ توانائی سمیت مختلف شعبوں میں روابط کے فروغ کے بارے میں بہت اچھے مذاکرات ہوئے۔
بلغاریہ کے وزیر اعظم نے اسلامی جمہوریہ ایران ، آرمینیا اور جارجیا کے درمیان ٹرانزٹ کوریڈور کے قیام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تراکیا اور میٹریسا شاہراہوں اور اسی طرح بورگاز بندرگا ہ سے استنبول تک ریلوے لائن کا پروجکٹ مکمل ہوجانے کے بعد بلغاریہ بھی ایران، آرمینیا اور جارجیا ٹرانزٹ کوریڈور میں شامل ہوسکتا ہے۔
پیر کو تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری اور بلغاریہ کے وزیر اعظم بویکو بوریسوف کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے درمیان ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلیکمونیکیشن ، مشترکہ سرمایہ کاری، اور چھوٹی نیز متوسط صنعتوں میں تعاون کے سمجھوتوں پر دستخط ہوئے ۔
بلغاریہ کے وزیر اعظم بویکو بوریسوف اتوار کی شام ایک اعلی رتبہ سیاسی، اقتصادی اور تجارتی وفد کے ہمراہ ایران کے سرکاری دورے پر تہران پہنچے ہیں۔



۔۔۔۔۔۔۔
/169