اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/درینہ آزادی پسنداور سینئر حریت رہنما نیشنل فرنٹ کے چیئر مین جناب نعیم احمد خان کے والد گرامی جناب غلام محمد خان کی وفات پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ حجتہ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مرحوم کے جملہ لواحقین سے تعزیت کی ۔ آغا صاحب نے مرحوم غلام محمد خان کی تحریک آزادی کشمیر سے فکری و شعوری وابستگی کو خراج تحسین نذر کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم عمر بھر تحریکی فکر و احساس اور ذمہ داریوں کا بے باک مظاہرہ کرتے رہے اور اس راہ میں مرحوم نے مصائب و مشکلات کو خاطر میں نہیں لایا مرحوم نے تحریک کشمیر کی آبیاری کرتے ہوئے کئی بار قید و بند کی صعوبتیں برداشت کی ۔ شہید محمد مقبول بٹ کے انتہائی قریبی ساتھی ہونے کے ناطے تمام ایجنسیاں ایک لمبے عرصے تک مرحوم کے تعاقب میں رہی لیکن مرحوم کے پایہ استقلال میں کوئی لغزش نہیں آئی آغا صاحب نے کہا کہ خان صاحب جیسے ضعیف العمر حریت پسند محکوم کشمیری قوم کے لئے تحریکی اثاثے کی حثیت رکھتے ہیں ایسے لوگوں کی جدائی تحریکی حلقوں کے لئے المیہ سے کم نہیں ۔آغا صاحب نے نعیم احمد خان اور مرحوم کے دیگر پسماندگان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مرحوم کے بلند درجات کے لئے دعا کی دریں اثنا آغا صاحب نے حریت رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ کے برادر محمد دلاور بٹ کے وفات پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبے سے تعزیت کی اور مرحوم کی جنت نصیبی کے لئے دعا کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲